پارلیمان عوام کی امنگوں کا ترجمان اور قانون سازی کا سب سے مقدم ادارہ ہے، راجہ پرویز اشرف

جمعرات 30 جون 2022 18:20

پارلیمان عوام کی امنگوں کا ترجمان اور قانون سازی کا سب سے مقدم ادارہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2022ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کا ترجمان اور قانون سازی کا سب سے مقدم ادارہ ہے، پارلیمنٹ کا احترام اور اس کا تقدس برقرار رکھنا تمام سیاسی جماعتوں پر لازم ہے، عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر اپنے پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا پارلیمان عوام کی امنگوں کا ترجمان اور قانون سازی کا سب سے مقدم ادارہ ہے، پارلیمان کا احترام اور اس کا تقدس برقرار رکھنا تمام سیاسی جماعتوں پر لازم ہے،پارلیمان میں عوامی نمائندے قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ملکی اور قومی مفاد میں فیصلے کرتے ہیں،پاکستان کی موجودہ پارلیمان ترقی پسند اور روشن خیال قوتوں پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان بین الاقوامی پارلیمیانی یونین (آئی پی یو) اور دیگر بین الاقوامی پارلیمانی فرمز کا ایک سرگرم اور فعال ممبر ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ملک میں پارلیمان کی مضبوطی اور جمہوریت کے فروغ کی خاطر دی گئی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے کہا قائد عوام ذولفقار علی بھٹو اور دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو پارلیمان کو ایک آزاد اور مضبوط ادارہ بنانے پر یقین رکھتی تھیں،انہوں نے کہا پارلیمان کو مضبوط بنا کر ہی ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

اپنے پیغام میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا پارلیمان جمہوریت کا ایک اہم ادارہ ہے جس کی مضبوطی ملک میں جمہوری عمل کا تسلسل اور ترقی کی ضامن ہوتی ہیں،موجودہ پارلیمان عوام کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور قانون سازی کر رہی ہے۔ سپیکر و ڈپٹی قومی اسمبلی نے آئی پی یو کو 133ویں سالگرہ پر مبارکباد بھی دی ۔