ہماری زبان بندی اور ہاتھ باندھ کر کہتے الیکشن جیت کر دکھاؤ

نئے الیکشن کیلئے24 گھنٹے سے بھی کم وقت دیا گیا، امید ہے آج رات 12بجے ہمارے لیے بھی عدالت کو کھولی جائے گی، فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی اور ق لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 30 جون 2022 18:55

ہماری زبان بندی اور ہاتھ باندھ کر کہتے الیکشن جیت کر دکھاؤ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2022ء) اپوزیشن رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہماری زبان بندی اور ہاتھ باندھ کر کہتے الیکشن جیت کر دکھاؤ، نئے الیکشن کیلئے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت دیا گیا ، امیدہے آج رات 12بجے ہمارے لیے بھی عدالت کوکھولی جائے گی، فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر پی ٹی آئی اور ق لیگی رہنماؤں نے مشترکہ نیوز کانفرنس کررہے تھے،اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جس پرایزئیڈنگ آفیسر کی وجہ سے جگ ہنسائی ہوئی اسی کو دوبارہ لگا دیا گیا، کچھ فیصلے کل تک چھوڑے ہیں کل جب مشاورت ہوجائے گی تو پھر آئندہ کا لائحہ عمل بیان کریں گے،چیلنج کررہے ہیں کہ ہماری زبان بندی اور ہاتھ باندھ کر کہتے ہیں الیکشن جیت کر دکھاؤ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں 5 ارکان کو نوٹیفائی کرنے کا عدالتی حکم کی کاپی نہیں مل رہی، الیکشن کمیشن ارکان کو نوٹیفائی کرنے کیلئے عدالتی حکم کی کاپی مانگ رہا ہے۔پی ٹی آئی رہنماء بشارت راجہ نے کہا کہ عدالت نے حمزہ شہباز کے 16اپریل کے الیکشن کو کالعدم قرار دیا ہے، جب الیکشن کالعدم قرار دیا ہے تو پھرحمزہ وزیراعلیٰ کیسے رہ سکتا ہے، اسی طرح 16اپریل سے لے کر کل 31جون تک تمام فیصلوں کو قانونی کردیا گیا ہے، ہماری پانچ سیٹیں ایسی ہیں جن کا ابھی نوٹیفکیشن ہونا ہے، لیکن ابھی تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، لیکن آج کے فیصلے کی آج ہی کاپی بھی جاری کردی گئی، لیکن پانچ لوگوں کا نوٹیفکیشن تاحال نہیں دیا گیا، 17جولائی کو الیکشن کا شیڈول کا اعلان ہوچکا ہے، جب شیڈول کا اعلان ہوجائے تو پھر کسی حلقے میں پٹواری تک کی ٹرانسفر بھی نہیں کرسکتے، لیکن یہاں ووٹ کا حق ختم کیا جارہا ہے، 6لوگ ملک سے باہر ہیں، لیکن نئے الیکشن کیلئے 24گھنٹے سے بھی کم وقت دیا گیا ہے۔

یہ سارا عمل شفاف نہیں ہے، ہم پارٹی اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے۔ ہم امید رکھتے ہیں اگر عدالت رات 12بجے ہمارے خلاف کاروائی کرسکتی تھی تو آج رات 12بجے ہمارے لیے بھی عدالت کوکھولی جائے گی۔ پی ٹی آئی رہنماء میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ ہم پٹیشنر ہیں لیکن ہماری پٹیشن پر فیصلہ دیاکہ چوبیس گھنٹے میں الیکشن کرایا جائے، عدالت نے حمزہ شہبازکے الیکشن کو غیرقانونی قرار دیا ، ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں وہاں اس فیصلے کے خلاف پٹیشن دائر کریں گے۔