’عید فاصلے سے ملیں‘ وزیر صحت نے عوام کو گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے روک دیا

عوام زیادہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے پرہیز کریں اور علمائے کرام سے اپیل ہے مساجد میں سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنائیں۔ عبدالقادر پٹیل کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 1 جولائی 2022 14:22

’عید فاصلے سے ملیں‘ وزیر صحت نے عوام کو گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی2022ء ) وفاقی وزیر صحت نے عوام کو عید پر گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے روک دیا ، عبدالقادر پٹیل کہتے ہیں کہ عوام عید کے دوران گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں اور کورونا سے بچاؤ کے لئے ایس پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا سے پچاؤ کے لئے مؤثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں ، عوام کرونا سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر عمل کریں ، سماجی فاصلہ یقینی بنائیں اورعیدالاضحیٰ پر ماسک کا ضرور استعمال کریں۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ عوام زیادہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے پرہیز کریں اور علمائے کرام سے اپیل ہے مساجد میں سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنائیں ، جب کہ عوام کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن اور بوسٹر ڈوز لگوائیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ملک میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر این سی او سی کی مکمل بحالی اور 5 سے 11 سال کے بچوں کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے کورونا سے متعلقہ ہدایات اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کردی۔

ملک میں کورونا وائرس کی وباء کو قابو کرنے کے لیے بنائے گئے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کا اہم اجلاس وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت منعقد ہوا ، جس میں وزارتِ صحت اور این سی او سی کے حکام نے شرکت کی ، اجلاس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اظہارِ تشویش کرتے ہوئے این سی او سی کو مکمل بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اجلاس میں حکام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے کی ہدایت کی ، انہوں نے تمام صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد کا کہا اور یہ ہدایت بھی کی کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ علاوہ ازیں اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کرونا کیسز کی پھر سے بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ کرونا سے متعلقہ ہدایات اور ایس او پیز پر عمل کریں ، ہمارے فرنٹ لائن ورکرز اور ڈاکٹرز نے ہمیں محفوظ رکھنے کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں ، ہمیں کرونا کے خلاف ان حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو ضائع نہیں کرنا۔

ادھر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ایک سے دو ماہ میں 5 سے 11 سال کے بچوں کی بھی ویکسی نیشن بھی شروع کردی جائے گی کیوں کہ جن بچوں کی عمر 12 سال سے کم ہے وہ ویکسین سے رہ جاتے ہیں لیکن ہم نے اس کے بھی اب انتظامات کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں تھوڑا سا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، این سی او سی روزانہ کی بنیاد پر کورونا صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے، اس حوالے سے ہفتہ پندرہ دن میں صورتحال میں تبدیلیاں بھی آئی ہیں اور کورونا کے ویرینٹ اومیکرون کا بڑے شہروں میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم ہمیں خوفزدہ ہونے کی بالکل بھی ضرورت نہیں لیکن احتیاط لازمی کی جانی چاہیے تاکہ معمولی اضافہ بڑے سانحے میں تبدیل نہ ہوجائے۔