کے الیکٹرک نے شدید گرمی کے باوجود متعدد علاقوں میں مینٹیننس کے نام پر گھنٹوں بجلی بندکرنے کے نئے سلسلے کا آغاز کر دیا

اتوار 3 جولائی 2022 21:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2022ء) مرمت کے نام پر کراچی میں طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں اہلِ کراچی کی جان اور صحت سے کھیلنا شروع کردیا۔ شہریوں کے مطابق کے الیکٹرک تو قربانی کے آدھے پیسے ہڑپ کر گئی۔کراچی میں بجلی کی بندش سے پریشان حال شہریوں نے بتایاکہ کے الیکٹرک نے شدید گرمی کے باوجود متعدد علاقوں میں مینٹیننس کے نام پر گھنٹوں بجلی بندکرنے کے نئے سلسلے کا آغاز کر دیا۔

پورے کراچی میں میں چھ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے علاوہ بغیر کسی وجہ کے مرمت کے نام پر دس گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ صبح 8 بجے سے مختلف علاقوں میں مینٹیننس کے نام پر بجلی بند کردی جاتی ہے۔شہر میں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں چھ سے آٹھ گھنٹے اورلوڈشیڈنگ والے علاقوں میں دن میں چار مرتبہ ساڑھے چار سے پانچ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں شدید گرم موسم کے پیش نظر شہر میں کسی بھی قسم کے مینٹیننس شٹ ڈاون کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم شہر بھر میں شٹ ڈانو کے نام پر گھنٹوں بجلی بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔طویل ترین لوڈشیڈنگ نے کراچی والوں کا میٹر شارٹ کردیا ہے۔گلستان جوہر میں لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج رہے راشد مہناس روڈ ملینیم مال کے قریب شہریوں کا بجلی پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج سڑک بلاک کردی۔کراچی میں طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے ہیڈآفس پر دھرنا دیدیا۔ صدر موبائل مارکیٹ کے باہر شہریوں نے احتجاج کیا۔