سپریم کورٹ ، تحریک انصاف کے فیصل واوڈا کی نا اہلی سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی

منگل 19 جولائی 2022 22:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2022ء) سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے فیصل واوڈا کی نا اہلی سے متعلق کیس کی سماعت نثار کھوڑو کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کر دی۔ عدالت عظمٰی نے تمام فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر آرٹیکل 62 ون ایف کے اطلاق سے متعلق تیاری کر کے پیش ہونے کی بھی ہدایت کر دی ۔ منگل کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے معاملہ پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال بندیال نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کے سامنے اہم سوال آرٹیکل 62 ون ایف کا ہے،دیکھنا ہے کیا الیکشن کمیشن آرٹیکل 62 ون ایف لگا سکتا ہے،آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق بڑا سنجیدہ معاملہ ہے۔عدالت عظمٰی نے اس موقع پر نثار کھوڑو کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث فیصل واوڈا کے وکیل کی جلد سماعت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے معاملہ پر سماعت رواں سال ستمبر کے مہینے تک ملتوی کردی ۔