مولانا طارق جمیل کے برانڈ”ایم ٹی جے“ برانچ کا ایبٹ آباد میں افتتاح

جمعرات 28 جولائی 2022 21:52

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2022ء) عالمی شہرت یافتہ مبلغ اسلام مولانا طارق جمیل کے برانڈ”ایم ٹی جے“ برانچ کا ایبٹ آباد میں افتتاح کر دیا گیا ہے۔جمعرات کے روزافتتاحی تقریب میں مولانا طارق جمیل نے فیتہ کاٹا۔اس موقع پر شہریوں،علماء کرام، طلبہ کے علاوہ دیگر بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔افتتاحی تقریب میں مولانا طارق جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ایم ٹی جے“برانڈ کی آمدن مدارس کے طلباء پر خرچ ہوتی ہے،مدارس کو زکوٰۃ فری بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرتی زندگی میں چار باتیں اہمیت رکھتی ہیں، ’’ ہمیشہ سچ بولیں،جھوٹ سے اجتناب کریں اور زندگی کو دیانت داری سے گزاریں اور کسی کو ماں بہن کی گالی نہ دیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ کڑوا بول خاندان کو توڑ دیتا ہے‘ اپنے اخلاق اچھے کرلیں،اللہ کو خوبصورتی پسند ہے،خوبصورت دل تھوڑا عمل بھی کرے تو اس کا اللہ کے ہاں بڑا درجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صبح سے شام تک بچوں کے لئے رزق حلال کمانے کے بعد تھک جانے پر اللہ اس کو درجہ دیتے ہیں،حرام کا لقمہ پیٹ میں جاکر گندگی ہی پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رزق حلال کھاؤ اور رزق حلال کماؤ اسی میں برکت ہے،رزق حرام بہت بڑی خباثت ہے۔قبل ازیں مولانا کا ایبٹ آباد میں پرتپاک استقبال کیا گیا،بڑی تعداد میں ان کے عقیدت مند نوجوان بزرگ بھی موجود تھے،شہریوں نے ایم ٹی جے برانڈ کا ایبٹ آباد میں شروع کرنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :