سپریم کورٹ نے تین ماہ میں سرکاری زمینوں، رفاعی پلاٹس پر قبضے ختم کراکے تحریری رپور ٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا

ابھی تک قبضہ ختم کیوں نہیں ہوا کب تک سرکاری زمینیں واگزار کرائی جائیں گی عدالت عظمیٰ ،مکمل قبضے ختم کرنے کے لئے وقت درکار ہے،ایڈوکیٹ جنرل سندھ

جمعرات 4 اگست 2022 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2022ء) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے تین ماہ میں سرکاری زمینوں، رفاعی پلاٹس پر قبضے ختم کراکے تحریری رپور ٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ میں سرکاری زمینوں پر قبضے کا خاتمہ اور ریونیو رکارڈ کمپیوٹرائزڈ کا ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر سرکاری وکلا پیش ہوئے۔

عدالت نے سست روی پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سرزنش کردی۔ ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے موقف دیا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے ختم کرانے کی کارروائی ابھی تک جاری ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی تک قبضہ ختم کیوں نہیں ہوا کب تک سرکاری زمینیں واگزار کرائی جائیں گی ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے موقف دیا کہ کارروائی میں کوئی کمی نہیں ہوئی لیکن مکمل قبضے ختم کرنے کے لئے وقت درکار ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے تین ماہ میں سرکاری زمینوں، رفاعی پلاٹس پر قبضے ختم کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت عظمی نے 3 ماہ بعد جامع تحریری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کراچی سمیت سندھ بھر کی آبپاشی، جنگلات اور محکمہ صحت کی اراضی قبضے ختم کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔ عدالت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں رفاعی پلاٹس بھی واہ گزار کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔