ہم نے جب سے کورٹ میں پسندکی شادی کی ہے تب سے ہمارے گھروالے ہمارے جان کے دشمن بن گئے،کائنات بی بی

ہمیں انصاف اور تحفظ فراہم کیاجائے،کائنات بی بی بھٹو اور دانش علی منگی کا چیف جسٹس بلو چستان ہائی کورٹ سے مطالبہ

ہفتہ 6 اگست 2022 18:03

صحبت پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2022ء) صحبت پور کے تحصیل مانجھی پور کے رہائشی کائنات بی بی بھٹو اور دانش علی منگی نے ڈسٹرکٹ پریس کلب صحبت پورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے دسمبر2021میں کورٹ میں پسندکی شادی کی تب سے ہمارے گھروالے ہمارے جان کے دشمن بن گئے۔اوستہ محمدکی رہائشی کائنات بی بی نے کہاکہ میں نے اپنی مرضی اور رضامندی سے مانجھی پور کے رہائشی دانش علی منگی سے کوئٹہ کچہری میں پسندکی شادی کورٹ میرج کی ہے۔

جس پر میرے گھروالے میرے والدعبدالنبی جوکہ بلوچستان کانسٹیبلیری میں ہیڈکانسٹیبل ہیں وہ اوررئیس سجاد علی بھٹومیری اور میرے شوہر کا جانی دشمن بن چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم عاقل بالغل ہیںہم نے اپنی زندگی کا فیصلہ کیااور شادی کرلی۔

(جاری ہے)

کائنات بی بی نے کہاکہ 3اگست کی رات 4بجے اوستہ محمدتھانہ کے ایس ایچ او محمدعلی جمالی،میرے والد عبدالنبی بھٹوودیگربھاری نفری کے ہمراہ چادراورچاردیواری کی تقدس کو پامال کرتے ہوئے مانجھی پور میں ہمارے گھرمیں گھسے۔

مجھے اور میرے شوہراور میری ساس اوردیگر کو شدیدبے رحمانہ تشددکا نشانہ بنایا۔میرے شوہر دانش علی منگی اور مجھے کلاشنکوف کے بٹ لگاتے گھسیٹتے ہوئے زبردستی پولیس وین میں ڈال کرلے گئے۔اوستہ محمدپولیس نے ہمارے گھر سے مبلغ 55ہزارروپے نقد،چارعدد ٹچ موبائل فونز بھی اٹھائے ایک موبائل کو خراب ہونے کی وجہ سے وہاں پھینک دیا۔انکا ارادہ مجھے اور میرے شوہرکو قتل کرنے کا تھا۔

مگر سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلزپر فوری طور پر ہماری جبری اغواء نما گرفتاری کی خبرنشر ہوئی تو انکا ارادہ ناکام ہوگیا اور وہ ہمیں اوستہ محمدکے جوڈیشنل مجسٹریٹ کی میں پیش کیا ۔جہاں پر ہم نے معززعدالت کو کورٹ کے کاغذات نکاح نامہ دکھایااور164کا بیان دیا۔تو انہوں نے ہمیں فوری چھوڑنے کے احکامات صادرفرمائے۔جس پر ایس ایچ او اوستہ محمدمحمدعلی جمالی نے ہمیں چھوڑدیا۔

کائنات بی بی نے پریس کانفرنس میں مزیدکہاکہ گزشتہ روزمیرے سُسر دیدارعلی منگی کو سجادعلی بھٹونے فون کال کرکے دھمکی دی کہ یہ تو ایک ٹیلرتھا آگے دیکھیں ہم اپ لوگوں کیساتھ کیاکرتے ہیں۔رئیس سجادعلی بھٹونے کہا کہ اگراس مرتبہ آپکا بیٹا اور بہو اگر عدالت میں پیشی کیلئے آئے تو وہ واپس زندہ نہیں آئیں گے۔کائنات بی بی اور دانش علی منگی نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان،چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، آئی جی ایف سی بلوچستان،آئی جی پولیس بلوچستان،ڈی آئی جی نصیرآباد اور ایس پی صحبت پور سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انصاف اور تحفظ فراہم کیاجائے۔

ہمیں اور ہمارے اہل خانہ کو عبدالنبی بھٹو، رئیس سجادعلی بھٹو اورایس ایچ او اوستہ محمدمحمدعلی جمالی سے جان کا خطرہ ہے ۔ہمیں کچھ ہواتو اس کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں۔