Live Updates

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت

منگل 9 اگست 2022 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2022ء) نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر انور رضا، سیکرٹری خلیل احمد راجہ اور فنانس سیکرٹری نیئر علی نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی طرف سے صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں پر تشدد کرنے والے غنڈہ عناصر کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

منگل کے روز نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا، سیکرٹری خلیل احمد راجہ اور فنانس سیکرٹری نیئر علی اور مجلس عاملہ کے اراکین نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے ویڈیو جرنلسٹس واجد ارسلان بلوچ، مدثر جاوید اور دیگر صحافیوں پر اس وقت تشدد کیا گیا جب وہ کوریج کیلئے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش کے باہر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس غنڈہ گردی کو کسی طور برداشت نہیں کیا جا سکتا، پی ٹی آئی اپنے کارکنان کی تربیت کرے اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ایسے عناصر کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں جو ان کی پارٹی کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافی اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیتے ہیں، فرائض کی ادائیگی کے دوران اس طرح کے واقعات کو کسی طور پر برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

دریں اثناء روزنامہ شمال مظفر آباد کے ڈپٹی ایڈیٹر محمد لطیف اعوان پر حقائق پر مبنی خبر شائع کرنے کی پاداش میں 1122 کے مسلح اہلکاروں کے حملے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے اور آئے روز صحافیوں پر حملوں سے انہیں کلمہ حق کہنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے چیف سیکرٹری اور آئی جی آزاد جموں و کشمیر سے مطالبہ کیا کہ سینئر صحافی محمد لطیف اعوان پر حملے میں ملوث اور غنڈہ گردی کرنے والے اہلکاروں کو فوری گرفتار کر کے ان کیخلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو صحافیوں پر حملے کی جرات نہ ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر و اقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو پاکستان بھر میں صحافتی تنظیمیں شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات