پاکستان وہ ملک ہے جو قرضہ دے سکتا ہے،سید خورشید شاہ

ملک کے خلاف کام کرنا ریاست کے خلاف کام بغاوت ہے،وفاقی وزیر آبی وسائل کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 12 اگست 2022 22:57

پاکستان وہ ملک ہے جو قرضہ دے سکتا ہے،سید خورشید شاہ
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2022ء) وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان وہ ملک ہے جو قرضہ دے سکتا ہے۔خورشید شاہ نے اروڑ یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہوا وہ پورا محب وطن ہے، ملک کے خلاف کام کرنا ریاست کے خلاف کام بغاوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جو قرضہ دے سکتا ہے، ملک میں ہر ادارے کو نیوٹرل رہنا چاہیے، آئی ایم ایف سے قرضہ لینے سے شرم آنی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اگست 2023 میں مدت مکمل کرے گی، پھر 60 روز بعد عام انتخابات ہوں گے۔خورشید شاہ نے کہا کہ فارن فنڈنگ بابت واضح کیا جائے کہاں سے اور کیسے آئی، ملک کے عوام کو فارن فنڈنگ کا معلوم ہونا چاہیے۔دوسری جانب وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے نجی اسکول کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے غریب کے بچے بھی اعلی تعلیم حاصل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی بی اے یونیورسٹی میں غریب بچوں کو مفت تعلیم دی جارہی ہے، اب سکھر میں کومسیٹ یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں مزید کام کی ضرورت ہے، سندھ حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے بہت کام کر رہی ہے، اگر میڈیا مثبت رول ادا کرے تو تعلیم بہتر ہوجائے گی۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ یہاں افواہیں اتنی پھیلائی جاتی ہیں، عوام کو افواہوں پر دھیان نہیں دینا چاہیے، اپنے حلقے میں تعلیم کی بہتری کے لئے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہے، سکھر تعلیمی بورڈز کو اب زیادہ پیسے دیئے گئے ہیں۔