وزیراعظم کے 22 سے 23 اگست تک دورہ قطر کا امکان

حکومت خلیجی ملک کو ایل این جی سے چلنے والے 2 پاور پلانٹس فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اگست 2022 17:25

وزیراعظم کے 22 سے 23 اگست تک دورہ قطر کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 اگست 2022ء )  وزیراعظم شہباز شریف کے 22 سے 23 اگست تک دورہ قطر کا امکان ہے، اس دوران وفاقی حکومت قطر کو ایل این جی سے چلنے والے 2 پاور پلانٹس فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ایکسپریس ٹریبیون نے باوثوق ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے اگلے ہفتے 22 سے 23 اگست تک متوقع دورہ قطر کی تیاریوں کے لیے بلائے گئے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دو ایل این جی پاور پلانٹس قطر کو فروخت کرنے کے امکان پر غور کیا گیا لیکن کچھ شرکاء کا خیال تھا کہ ملک 104 بلین روپے کے قرض کی بہترین قیمت حاصل نہیں کرسکتا جو ان پاور پلانٹس پر واجب الادا ہے اور انہیں ریٹائر یا طویل مدتی فنانسنگ میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، ایل این جی پلانٹس کی قیمتوں کی دریافت فوری طور پر ممکن نہیں تھی لہذا یہ پلانٹس سرمایہ کاری کے مقاصد کے لیے قطری حکومت کو پیش نہیں کیے جا سکتے، ان اثاثوں کی فروخت کو تیزی سے ٹریک کرنے کے لیے وفاقی کابینہ نے پہلے ہی ایک بل کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے قطری حکومت سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے 1 بلین ڈالر کا فوڈ اینڈ لائیو سٹاک سکیورٹی فنڈ قائم کرنے کی درخواست کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کا مقصد یہاں اشیاء کی پیداوار اور پھر انہیں قطر برآمد کرنا ہے، قطر پاکستان میں زرعی مقاصد کے لیے زمین خریدنے کا خواہشمند تھا لیکن صوبائی قوانین براہ راست ملکیت میں رکاوٹ ہیں تاہم اب سرمایہ کاری کے کچھ ممکنہ شعبوں میں سبزیوں، پھلوں کی پیداوار اور میٹ پروسیسنگ پلانٹس لگانا شامل ہیں۔