وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی زیر صدرات خیبرپختونخوا جیل اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس

جمعرات 18 اگست 2022 17:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2022ء) وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی زیر صدرات خیبرپختونخوا جیل اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش ،انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ انصاری، آئی جی جیل سعادت حسن،محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا،ڈی جی پراسیکیوشن، آئی جی جیل اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں آئی جی جیل سعادت حسن نے اجلاس کو جیل اصلاحات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی و ضلعی نگران کمیٹیوں نے مختلف جیلوں کے بالترتیب 16 اور 96 دورے کئے ہیں،3522 قیدیوں کو رسمی تعلیم، 1743کو مذہبی تعلیم دی گئی،825 قیدیوں کو پیشہ ورانہ تربیت دی گئی ہے،1809 قیدیوں کو مفت قانونی معاونت دی گئی،کم عمر بچوں اور خواتین کو دیگر قیدیوں سے علیحدہ رکھا جا رہا ہے، خواجہ سراوں کے لئے 7 جیلوں میں مخصوص کمرے مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جیل اصلاحات کے حوالے اقدامات اطمینان بخش ہیں، جیلوں میں مزید بہتری لانے اور گنجائش بڑھانے کے لئے مسلسل کوشش جاری رکھی جائے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد بنگش نے کہا کہ جیلوں میں اصلاحات لانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، قیدیوں کو مفید شہری بنانے کیلئے مفت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت دی جاتی ہے، متعدی بیماریوں کی تشخیص اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

آئی جی جیل سعادت حسن نے کہا کہ مختلف اضلاع میں جیلوں کی تعمیر و توسیع سے قیدیوں کی گنجائش میں 4 ہزار 672 کا اضافہ ہوا، صوبے کے 14 جیلوں میں پریزن منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو رائج کیا گیادیگر جیلوں میں بھی یہ سسٹم متعارف کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے جیلوں میں گنجائش کی کمی کا بڑی حد تک مسئلہ حل کر دیا گیا ہے۔