شہباز گل کی صحت تشویشناک ہے، انہیں دمہ کی پرانی بیماری ہے،شہزاد وسیم

شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ چیخ چیخ کر سب کچھ بتا رہی ہے،سب کو علم ہے کہ تشدد کے باعث شہباز گل کے جسم میں درد ہے،رہنما تحریک انصاف

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 19 اگست 2022 11:45

شہباز گل کی صحت تشویشناک ہے، انہیں دمہ کی پرانی بیماری  ہے،شہزاد وسیم
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2022ء) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم کا کہنا ہے کہ شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ چیخ چیخ کر سب کچھ بتا رہی ہے ،شہباز گل کا ماسک اتارا گیا اور وہ کہتے رہے کہ انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزاد وسیم نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق شہباز گل کی سانس کی نالیاں سکٹری ہوئی تھیں،رپورٹ میں کہا گیا کہ شہباز گل کے جسم میں درد ہے۔

انکا کہنا تھا کہ سب کو علم ہے کہ تشدد کے باعث شہباز گل کے جسم میں درد ہے۔ شہباز گل کی صحت تشویشناک ہے، جبکہ انہیں دمہ کی پرانی بیماری ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کو آج عدالت میں پیش کیا گیا،اسلام آباد پولیس سخت سیکیورٹی میں شہباز گل کو عدالت لائی۔

(جاری ہے)

شہباز گل وہیل چئیر پر موجود تھے اور ان کا ماسک ہٹا ہوا تھا۔

شہباز گل عدالت میں پیشی کے وقت لے جاتے ہوئے اپنا ماسک مانگتے رہے جس میں انہوں نے کہا کہ میرا ماسک مجھے دے دیں خدا کا واسطہ ہے۔ شہباز گل کے بار بار مانگنے پر ان کے لیے آکسیجن سلینڈر بھی عدالت میں پہنچایا گیا۔عدالت پیشی کے وقت بھی شہباز گل کی حالت خراب لگ رہی تھی اور انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ گزشتہ روز شہباز گل کو پمز ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کر دیا گیا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے کیس کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی۔

شہباز گل کو پمز ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام طبی رپورٹس موصول ہونے کے بعد 6 رکنی میڈیکل بورڈ نے پی ٹی آئی رہنما کو ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کی متفقہ منظوری دی۔ جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہبازگل تشدد کیس کے حوالے سے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ قائم مقام چیف جسٹس عمر فاروق نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ شہبازگل کے وکلاء نے بتایا شہبازگل سے ملنے نہیں دیا جارہا۔