افغان کرکٹ ٹیم پاکستان کو شکست دے سکتی ہے: اصغر افغان

اب اگر ٹیم پرسکون رہتی ہے اور مناسب منصوبہ بندی کرتی ہے تو بالآخر ایشیاء کپ میں پاکستان کو شکست دے سکتی ہے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 1 ستمبر 2022 16:22

افغان کرکٹ ٹیم پاکستان کو شکست دے سکتی ہے: اصغر افغان
کابل (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم ستمبر 2022ء ) بنگلہ دیش کیخلاف اپنے آخری گروپ مرحلے کے میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے ساتھ افغانستان نے اب ایشیا کپ کے سپر فور کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ نجیب اللہ زدران کی 17 گیندوں پر 43 رنز کی شاندار اننگز نے بنگلہ دیش کے خلاف 7 وکٹوں سے فتح کے بعد افغانستان کی سپر فور میں شرکت کنفرم کردی ہے ۔

شکیب الحسن کی قیادت والی ٹیم اب سری لنکا کیخلاف ورچوئل ناک آؤٹ میچ کھیلے گی، کیونکہ فاتح اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔ دریں اثناء افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان کا خیال ہے کہ اگر اگلے راؤنڈ میں ان کی ٹیم کا پاکستان سے مقابلہ پڑا تو وہ مین ان گرین کو شکست دے سکتی ہے۔ 35 سالہ کھلاڑی نے کہا کہ پاکستان کیخلاف ان کے زیادہ تر میچز کافی سنسنسی خیز رہے ہیں اور اب اگر ٹیم پرسکون رہتی ہے اور مناسب منصوبہ بندی کرتی ہے تو وہ بالآخر ایشیاء کپ میں پاکستان کو شکست دے سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اصغر افغان نے ایک شو میں کہا کہ اگر ہمارے کھلاڑی پلانز پر قائم رہ سکتے ہیں اور پرسکون رہ سکتے ہیں تو ہمارا پاکستان کے خلاف واقعی اچھا میچ ہوگا اور امید ہے کہ ہم انہیں ہرا بھی سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیمیں افغانستان کے اعلیٰ معیار کے سپنرز کو دیکھنے کے لیے کوشاں ہوں گی اور خطرے سے ہوشیار رہیں گی۔ حالات سپنرز کے حق میں ہیں اور اصغر کا خیال ہے کہ ہندوستان اسپن اٹیک کو بہتر طریقے سے سنبھال سکے گا کیونکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ میں زیادہ بار کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی ان کیخلاف بہت کھیلے، وہی ان کیخلاف اچھا کھیل سکتے ہیں۔ ہندوستانی کھلاڑی ہمارے گیند بازوں کو اچھا کھیل سکتے ہیں کیونکہ وہ آئی پی ایل میں بہت کھیل چکے ہیں۔ پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے کھلاڑی نہیں جانتے کہ ہمارے باؤلرز سے کیسے نمٹا جائے کیونکہ وہ ہمارے خلاف زیادہ نہیں کھیلے۔