ملکی معیشت قرضوں اور امداد کے رحم و کرم پر چل رہی ہے‘عامر رزا ق

منگل 4 اکتوبر 2022 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اکتوبر2022ء) پیس فارلائف ویلفیئرفائونڈیشن کے صدر میاںعامررزاق نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسیوں نے معاشی بحران کو پہلے سے زیادہ سنگین کردیا ہے ، وطن عزیز اس وقت انتہائی گھمبیر قسم کے مسائل کی زد میں ہے، معاشی بحران دن بدن سنگین ہوتا چلا جارہاہے، ملکی معیشت قرضوں اور امداد کے رحم و کرم پر چل رہی ہے، ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مہنگائی کی شرح کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ رہی سہی کسر سیلاب سے ہونے والی تباہی نے پوری کردی ہے ۔

(جاری ہے)

اتنی بھاری بھرکم کابینہ کے باوجود حکومت کوئی بھی معاشی لحاظ سے مستحکم پالیسی بنانے میں ناکام ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکمران بچت اور سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال نہ کرنے اور غیر ملکی دوروں پرکفایت شعاری کے بڑے بڑے اعلانات تو کرتے ہیں مگر حقائق اس کے بالکل بر عکس ہیں۔

موجودہ معاشی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان اس بات کا متقاضی نہیں ہوسکتا کہ قومی خزانے کو حکمرانوں کے اللوں تللوں کی نذر کیا جائے وقت کا تقاضا ہے کہ حکمران اپنے بے جا اور شاہانہ اخراجات کو ختم کرکے اربوں روپے کی بچت کریں اور وہی پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے۔