Live Updates

عمران خان کا آج اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان

تحریک انصاف کے چیئرمین آج پریس کانفرنس کریں گے، امید ہے شام تک انہیں ہسپتال سے گھر منتقل ہونے کی اجازت مل جائے گی۔ فواد چوہدری کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 6 نومبر 2022 12:53

عمران خان کا آج اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 نومبر 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنماء فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج پریس کانفرنس کریں گے، ابھی تک ڈاکٹرز نے انہیں ہسپتال سے ڈسچارج نہیں کیا، امید ہے آج شام تک انہیں ہسپتال سے گھر منتقل ہونے کی اجازت مل جائے گی جب کہ رائیونڈ کے دعائیہ اجتماع کے پیش نظر آج احتجاج کی کال معطل کر دی گئی ہے۔

بتاتے چلیں کہ لانگ مارچ کے دوران کنٹینر پر فائرنگ میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والے عمران خان کا شوکت خانم ہسپتال میں تین روز سے علاج معالجہ جاری ہے، چار رکنی میڈیکل بورڈ نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا، ڈاکٹروں نے عمران خان کو دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز میڈیکل بورڈ نے عمران خان کا معائنہ کیا اور میڈیکل رپورٹس کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے چہل قدمی اور ٹوائلٹس استعمال کرنے کی اجازت دی، چیئرمین پی ٹی آئی ڈسچارج کرنے پر بضد رہے مگر ڈاکٹرز نے انہیں ایک روز مزید ہسپتال میں ہی آرام کا مشورہ دیا۔

میڈیکل بورڈ ذرائع سے معلوم ہوا کہ عمران خان کی دائیں ٹانگ کا دو گھنٹے تک آپریشن جاری رہا، چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹانگ پر 4 زخم آئے، ہڈی کو کوئی نقصان نہیں ہوا، آپریشن کے دوران ہر قسم کے ذرات کو نکال دیا گیا، آپریشن کے دوران ہر زاویے سے تسلی کرنا ضروری تھا، آپریشن چھوٹا تھا لیکن تسلی کے لئے وقت درکار تھا۔ شوکت خانم ہسپتال نے عمران خان کو گولی لگنے کے معاملہ پر وضاحتی بیان بھی جاری کیا، جس میں شوکت خانم ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سرجری کے دوران گولی کے 4 ٹکرے نکالے گئے، عمران خان کی دائیں ٹانگ سے ٹکڑے نکالے گئے، عمران خان کی بائیں ٹانگ سے ٹکڑا نہیں نکالا گیا، عمران خان اسپتال پہنچنے پر مکمل ہوش میں تھے، عمران خان کا آپریشن گولیوں کے ٹکڑے نکالنے کے لیے کیا گیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات