Live Updates

سیاسی اور مذہبی قیادتوں کو ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہیے، طاہر اشرفی

بدھ 23 نومبر 2022 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2022ء) نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سیاسی اور مذہبی قیادتوں کو ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے بدھ کے روز یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں آرمی چیف کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے مستقبل کے لائحہ عمل کا واضح طور پر عندیہ دیا ہے کہ اس کا ملکی سیاست میں مزید کوئی کردار نہیں ہے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کے برابر لانے کے لیے اجتماعی کوششیں کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ صحیح وقت ہے کہ مل بیٹھیں اور پاکستان کو تمام بحرانوں سے نکالنے کے لیے متفقہ حکمت عملی بنائیں۔ عام انتخابات کے حوالے سے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ساتھ مذاکرات کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات لائیں اور انتخابات کی تاریخوں کا فیصلہ باہمی افہام و تفہیم سے کریں۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور پاک فوج کے درمیان ہمیشہ محبت اور اتحاد کی دعا بھی کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات