ایم ڈی کیٹ نتائج کیخلاف احتجاج، فاروق ستار گیٹ پھلانگ کر ڈاؤ یونیورسٹی میں داخل

بچوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، اس تحریک میں بچوں کا ساتھ دوں گا،رہنما ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کی گفتگو

جمعرات 24 نومبر 2022 20:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2022ء) پاکستان میڈیکل کمیشن(پی ایم سی)نے ایم ڈی کیٹ کے نتائج جاری کر دیے ہیں، آوٹ آف کورس اور غلط سوالات پر طلبا و طالبات نے ڈاؤ یونیورسٹی کے باہر احتجاج کیا۔طلباو طالبات کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا پرچہ سلیبس سے باہر دیا گیا، پرچہ ڈاو یونیورسٹی نے تیار کیا تھا۔مظاہرے کے دوران ڈاو یونیورسٹی کا گیٹ بند کر دیا گیا۔

ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار یونیورسٹی کا گیٹ پھلانگ کر اندر چلے گئے۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے کہا کہ بچوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، اس تحریک میں بچوں کا ساتھ دوں گا۔انہوں نے کہا کہ میرا بھی ایک نمبر سے داخلہ رہ گیا تھا، ایک نمبر سے کراچی کے بجائے میرا جامشورو میں داخلہ ہوا، گیٹ پھلانگ کر یونیورسٹی میں گیا۔سربراہ ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی نے کہا کہ اگر میرے خلاف دروازہ پھلانگنے کی ایف آئی آر کٹی تو وی سی کے خلاف بھی کٹے گی، 8 نہیں 35 سوال آوٹ آف سلیبس ہیں۔انہوںنے کہا کہ وی سی نے کہا 44 ہزار بچوں کی کاپیاں مینول چیک کریں گے، وی سی نے یقین دلایا ہے کہ پیپر صدر پی ایم سی کی اجازت سے پبلک کریں گے۔