امید ہے کہ نئے آرمی چیف کی قیادت میں پاک فوج مزید ترقی کی منازل طے کرے گی

پرامن اور خوشگوار ماحول میں پاک فوج میں کمان تبدیلی ہوئی، جو خوش آئند ہے،اب ملکی معاملات میں بھی بہتری آئے گی۔وفاقی وزراء خواجہ آصف اور راناثناء اللہ کی نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو مبارکباد

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 29 نومبر 2022 16:42

امید ہے کہ نئے آرمی چیف کی قیادت میں پاک فوج مزید ترقی کی منازل طے کرے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 نومبر 2022ء ) وزیر دفاع اور وزیر داخلہ کی جانب سے نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو مبارکباد دی گئی ہے۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے آرمی چیف کے معاملے کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔پی ٹی آئی کو آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے میں بھی ناکامی ہوئی،نئے آرمی چیف انتہائی پیشہ ور اور بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں، امید ہے کہ نئے آرمی چیف کی قیادت میں پاک فوج مزید ترقی کے منازل طے کرے گی۔

جب کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پرامن اور خوشگوار ماحول میں پاک فوج میں کمان تبدیلی ہوئی، جو خوش آئند ہے،اب ملکی معاملات میں بھی بہتری آئے گی، قبل ازیں سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور آرمی چیف اپنی 6 سالہ مدت کے دوران ملک و قوم کے لیے جو ہو سکتا تھا وہ کیا، ملک و قوم کے لیے خدمات پر مطمئن ہوں،انہوں نے جنرل سید عاصم منیر کی طرف دیکھتے ہوئے کہا کہ اب کمانڈ ان کے حوالے ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بہترین آفیسر ہیں۔خیال رہے کہ جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کے 17ویں آرمی چیف کی کمان سنبھال لی ،جنرل قمر جاوید باجوہ نے چھڑی جنرل سید عاصم منیر کو سونپ دی ۔ تقریب آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں منقعد ہوئی۔ نئے آرمی چیف کیلئے کمان کی تبدیلی کی تقریب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈ کی چھڑی نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو سونپ دی گئی۔

کمانڈ کی چھڑی کو کمانڈ اسٹک بھی کہا جاتا ہے، آرمی کمان کی یہ چھڑی انگریزوں کے دور سے فوجی روایت کا حصہ چلی آ رہی ہے۔ کمانڈ اسٹک 1 اسٹار یعنی بریگیڈیئر کے عہدے کے افسران کو سونپی جاتی ہے، یہ اسٹک افسران کو پرانے افسران کی جانب سے دی جاتی ہے۔ پرانے افسران آنے والے نئے افسر کو یہ چھڑی سونپ کر خود نئی چھڑی تھامے نئے عہدے پر ترقی کر جاتا ہے اور یہ سلسلہ آرمی چیف پر جا کر ختم ہوتا ہے۔