سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے)کے زیر اہتمام مشاورتی کونسل کااجلاس

جمعرات 1 دسمبر 2022 15:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2022ء) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے)کے زیر اہتمام مشاورتی کونسل کااجلاس چیئرمین کمپلیکس کے سبزہ زار میں منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے مرکزی عہدیداران،رابطہ کمیٹیوں کے ممبران اور سینکڑوں محنت کشوں نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور قائد مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین نے سی ڈی اے ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ،انکے بچوں کی بھرتی،نان ایگزیکٹوالاؤنس،ملازمین کو انکے الاٹ شدہ مکانوں کی کیٹگری کے مطابق سیلنگ ریٹ کی کٹوتی،سٹینوٹائپسٹ کی لائن آف پروموشن،علی پور فراش میں سی ڈی اے ملازمین کے لیے 200فلیٹس مختص کیے جانے،ایناملی کیسز میں کنسلٹنٹ ہائرکرنے،باقی ماندہ ڈیلی ویجز و کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی اور انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے نکالے جانے والے ملازمین کی بحالی سمیت دیگر مسائل پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم سی ڈی اے کے ہزاروں محنت کشوں کی آواز ہیں جن کے ووٹ کی طاقت کے ذریعے ہم چوتھی مرتبہ ادارے میں منتخب سی بی اے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں اور اپنے محنت کشوں کے حقوق کی آوازکو بلند کرتے رہیں گے،مزدور یونین نے ہمیشہ افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے اپنے ملازمین کے مسائل کو حل کیا اور ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ پارلیمنٹ کے منظورکردہ قوانین کے تحت ہم ادارے میں ملازمین کی نمائندگی کا حق رکھتے ہیں اور پارلیمنٹ کے ایکٹ کے تحت بذریعہ ریفرنڈم منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسران و ملازمین ادارے کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں تو یہ ادارہ تیزی سے ترقی کرے گا اور جس طرح افسران کو مراعات و حقوق حاصل ہیں اسی طرح میرے محنت کش کو بھی اس کے جائز حقوق پلاٹوں کی الاٹمنٹ،الاؤنسزو مراعات میں اضافہ،انکے بچوں کی بھرتی اور رہائشی مکانوں کی فراہمی اور پروموشنز جیسے مسائل کو انتظامیہ ترجیح بنیادوں پر حل کرنے میں اپنا کرداراداکرے تو ادارے کا محنت کش بھی پہلے سے بڑھ کر جانفشانی سے اپنا کرداراداکرے گا۔

چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ مزدور یونین انتظامیہ کے ساتھ احترام کا رشتہ قائم رکھنا چاہتی ہے اور سی ڈی اے انتظامیہ و بورڈ ممبران کو آگاہ کرناچاہتی ہے کہ مزدور یونین نے محنت کشوں کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے اپنی تمام ترتیاری مکمل کر لی او رجن پلاٹوں کو سابقہ ادوار میں نیلام کر دیا گیا تھا اس کمی کو بھی پوراکردیا گیا ہے۔ اجلاس سے سی ڈی اے مزدور یونین کے دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔