ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ ہاکی کے ٹرائلز کا انعقاد

جمعہ 2 دسمبر 2022 23:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2022ء) پرائم منسٹرزیوتھ پروگرام کے تحت ہاِئیرایجوکیشن کمیشن پاکستان نے ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ ہاکی کے ٹرائلز کا مطیع اللہ حق اسٹیڈیم بہاولپورمیں انعقاد کیا۔ بہاولپورمیں ہونیوالے ٹرائلزصوبہ پنجاب میں ہونے والے پانچویں اورآخری ٹرائلزہیں۔ ان ٹرائلز میں ملتان اوربہاولپورریجن سے پانچ سو کے قریب مرد وخواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

جمعہ کووزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کا مقصد ملک بھر سے بہترین کھلاڑیوں کو تلاش کرنا اور ان کوکھیلوں کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے مواقع فراہم کرنا ہے۔وزیراعظم پاکستان اوروزیراعظم کی مشیر برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد منصوبوں کا آغاز کررکھا ہے، ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت ہونے والے ہاکی کے یہ ٹرائلز اسی سلسلے میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دو روزہ ٹرائلزکے پہلے روز کے مہمان خصوصی پاکستان مسلم لیگ (ن) PP-254 بہاولپور کے ٹکٹ ہولڈر و سٹی صدر ڈاکٹر رانا طارق خان اور گورنر پنجاب کے پرنسپل اسٹاف آفیسر میاں شاہد اقبال تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم وزیراعظم پاکستان اور وزیراعظم کی مشیر برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ کے مشکور ہیں جنہوں نے اس شاندار منصوبے کی سرپرستی کی اور ہاکی کے کھیل کو زندہ کرنے کے لیے ملک بھرمیں ٹرائلز کاانعقاد کیا۔ ان ٹرائلز کی سلیکشن کمیٹی میں سابق اولمپئن محمد وسیم اور ہاکی کی سابقہ بین الاقوامی کھلاڑی رضیہ ملک، مختار احمدسمیت ہاکی کے بین الاقوامی شہرت کے حامل دیگرکھلاڑیوں نے شرکت کی۔