شہر قائد میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی

ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا، ملزم منشیات فروشی، ڈکیتی اور جرائم پیشہ افراد کو کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے میں ملوث ہے

ہفتہ 3 دسمبر 2022 22:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2022ء) شہر قائد میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا، ملزم منشیات فروشی، ڈکیتی اور جرائم پیشہ افراد کو کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے میں ملوث ہے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کی۔

کارروائی میں منشیات فروش اور ڈکیت گروہ کے سرغنہ جلال کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پسٹل، 100 عدد راؤنڈز اور 30 پیکٹ گٹکا برآمد کیا گیا۔ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم منشیات فروشی، مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں اور جرائم پیشہ افراد کو کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے میں بھی ملوث ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ترجمان رینجرز کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشتبہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔#