جیالوں کی مدد سے حکومت میں آکر بلاول بھٹو کو وزیراعظم منتخب اور ملک و صوبہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، میر چنگیز خان جمالی،روزی خان کاکڑ

انجینئر ہادی عسکری کی قیادت میں نئے شامل ہونے والے سیاسی کارکنان کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہزارہ برادری اور پیپلزپارٹی کا رشتہ پرانا ہے اور یہ رشتہ ماضی کی نسبت اب مزید مظبوط ہوتا جارہا ہے،پیپلزپارٹی رہنمائوںکابیان

ہفتہ 3 دسمبر 2022 22:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ جیالوں کی مدد سے حکومت میں آکر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم منتخب اور ملک و صوبہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، انجینئر ہادی عسکری کی قیادت میں پارٹی شمولیت اختیار کر نے والیسیاسی کارکنان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی، مرکزی رہنما حاجی علی مدد جتک، چیئرمین پی پی پی کے کوآرڈینیٹر میر سہراب مری نے ہفتہ کو پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنما انجینئر ہادی عسکری کی قیادت میں ہزارہ ٹاون میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

شمولیتی تقریب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انجینئر ہادی عسکری کی قیادت میں ہزراہ برادری کے سینکڑوں افراد و خواتین نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری نیئر حسین بخاری نے ٹیلیفونک اورصوبائی نائب صدر میر ریاض احمد شاہوانی، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید داود آغا،عی جنرل سیکرٹری ملک ولی وردگ، سیکرٹری اطلاعات ظفراللہ پیرزادہ،شعبہ خواتین کی صوبائی صدر غزالہ گولہ،لیبر بیورو کے صدر شاہجہان گجر اور ہادیہ کریمی نے بھی خطاب کیا ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انجینئر ہادی عسکری کی قیادت میں نئے شامل ہونے والے سیاسی کارکنان کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہزارہ برادری اور پیپلزپارٹی کا رشتہ پرانا ہے اور یہ رشتہ ماضی کی نسبت اب مزید مظبوط ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کی مظلوم و محکوم عوام کی غمخوار جماعت ہے، انشاء اللہ اگلے انتخابات میں وفاق اور دیگر صوبوں سمیت بلوچستان میں پاکستان پیپلزپارٹی برسر اقتدار آئی گی ۔ انہوں نے کہاکہ جیالوں کی مدد سے حکومت میں آکر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم منتخب کرائیں گے اور ملک و صوبہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔