اسلامی ریاست خراسان کی طرف سے پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کی اطلاعات کی تصدیق کی جا رہی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اتوار 4 دسمبر 2022 12:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2022ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان جہادی گروپ اسلامی ریاست خراسان( آئی ایس کے پی) کی طرف سے 2 دسمبر 2022 کو پاکستانی سفارت خانے کے احاطے پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کی اطلاعات دیکھی ہیں ، ان اطلاعات کے حقائق سے متعلق پاکستان آزادانہ طور پر اور افغان حکام کے ساتھ مشاورت سے تصدیق کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا کہ دہشت گرد حملہ دہشت گردی کی وجہ سے افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرے کی ایک اور یاد دہانی ہے ۔ دہشت گردی کی اس لعنت کو شکست دینے کے لیے ہمیں اپنی تمام تر اجتماعی توانائیاں بھرپور عزم سے بروئے کار لانا ہوں گی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔\932