Live Updates

پرویزالہی عمران خان پرحملے کا مقدمہ درج نہیں کراسکے اسمبلی کیا توڑیں گے،امتیازشیخ

سندھ میں اگر پی ٹی آئی کو امیدوار بھی مل جائیں تو سیاست چھوڑ دوں گا،پی ٹی آئی نے اسمبلیاں توڑنی ہے تو توڑ دیں ہمارے پاس جواب بھی ہے،صوبائی وزیر

اتوار 4 دسمبر 2022 15:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2022ء) سندھ کے وزیرتوانائی اورپاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماامتیازاحمدشیخ نے کہا ہے کہ پرویزالہی عمران خان پرحملے کا مقدمہ درج نہیں کراسکے اسمبلی کیا توڑیں گے،سندھ میں اگر پی ٹی آئی کو امیدوار بھی مل جائیں تو سیاست چھوڑ دوں گا۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست ہے ہی مذاکرات کا نام ،اس میں مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جاتا ہے، عمران خان مشروط مذاکرات کی بات کریں گے تو ایسے میں بات کیسے ہوسکتی ہی ۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات سے کوئی انکار نہیں کرتا، لیکن پی ٹی آئی مذاکرات سے دور بھاگ رہی ہے اورالزامات لگاتی ہے، الزامات پہلے ہی لگادیئے جائیں تو ایسے میں کوئی بات نہیں ہوتی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ متعین ہے پی ٹی آئی مذاکرات چاہتی ہے تو آئے بات کرے، معیشت سے متعلق فیصلے عوام پر چھوڑ دیں کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مانتے ہیں مشکل حالات ہیں لیکن یہ ہمیں ورثے میں ملے ہیں، پی ٹی آئی نی8ماہ سے پورے ملک میں انتشار پھیلایا ہوا ہے،معیشت میں غیریقینی صورتحال پیدا کی گئی جس کی ذمہ دار صرف پی ٹی آئی ہے۔امتیازشیخ نے کہا کہ پہلے جب ہم الیکشن کا مطالبہ کیا کرتے تھے اس وقت تو عمران خان بھاگتے تھے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ صرف عمران خان کے مطالبے پر الیکشن کرادیں، حکومت نے فیصلہ کرنا ہے الیکشن کس وقت ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کہتی ہے بات کریں تو دوسری طرف اسمبلیاں توڑنے کی دھمکی دیتی ہے، پی ٹی آئی نے اسمبلیاں توڑنی ہے تو توڑ دیں ہمارے پاس جواب بھی ہے۔صوبائی وزیرنے کہاکہ پرویزالہی عمران خان پرحملے کا مقدمہ درج نہیں کراسکے اسمبلی کیا توڑیں گے، سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار بھی مل جائے تو سیاست چھوڑ دونگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات