کرپشن ایک ناسور ہے جو معاشرے کو کھوکھلا کر دیتا ہے جس کے خاتمے کیلئے ہم سب نے کردار ادا کرنا ہے،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش

جمعرات 8 دسمبر 2022 20:10

۷پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2022ء) بدعنوانی کے خاتمے کیلئے عوامی اور حکومتی سطح پر آگہی اور شعور اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ نیشنل اینٹی کرپشن سٹریٹجی کے تحت بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اس کے خلاف آگاہی اور شعور اجاگر کرنا سب سے اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار شرکاء نے خیبر پختونخوا میں عالمی ہفتہ برائے انسداد بدعنوانی کی مناسبت سے '' عوامی شعبہ جات میں بہتر خدمات بذریعہ اندرونی کنٹرول '' کے موضوع پر جمعرات کے روز نشتر ھال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نیب خیبر پختونخوا اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا نے مشترکہ طور پر عالمی دن برائے انسداد بدعنوانی منایا۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری، ڈی جی نیب خیبر پختونخوا نعمان اسلم،ن ڈائریکٹر نیب محمد وقار، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ امجد علی خان، چیئرپرسن خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن مسز فرح حامد، سابق سفیر رستم شاہ مہمند، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عالم خٹک اور روح اللہ مدنی بھی موجود تھے۔

سیمینار میں انتظامی سیکرٹریز، سرکاری افسران، اساتذہ، وکلاء، طلباء اور سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شعبہ جات میں خدمات کی بہتر انجام دہی کے لئے شفافیت اور دیانتداری نہایت ضروری ہے۔کرپشن ایک ناسور ہے جو معاشرے کو کھوکھلا کر دیتا ہے جس کے خاتمے کیلئے ہم سب نے کردار ادا کرنا ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری نے کہا کہ محکمہ پولیس کو کرپشن سے پاک رکھنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے گئے ہیں، اس ناسور کے خاتمے کے لئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، صرف زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ کرپشن کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، ڈی جی نیب خیبر پختونخوا نعمان اسلم کا کہنا تھا کہ نیشنل اینٹی کرپشن سٹریٹجی کے تحت تین مراحل ہیں جس میں بدعنوانی کے خلاف آگاہی پیدا کرنا، بچاو کیلئے اقدامات اور سزائیں شامل ہیں۔

عالمی ہفتہ برائے انسداد بدعنوانی منانے اور سیمینار کے انعقاد کا مقصد رشوت ستانی کے خلاف آگہی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے خیبر پختونخوا میں 27 کروڑ روپے سے زائد ریکور کئے ہیں۔ جس کا چیک چیف سیکرٹری کو دیا گیا۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ امجد علی خان نے کہا کہ عالمی دن برائے انسداد بدعنوانی کے موقع پر ہم سب نے مل کرپشن کے خاتمے اور روک تھام کیلئے تجدید عہد کرنا ہے۔ امجد علی خان نے کہا کہ صوبے میں 160 سرکاری ملازمین کو بدعنوانی کے الزام میں چارج کیا گیا ہے۔ جن میں سے 132 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے امسال 485 نئی انکوائریاں شروع کی ہیں اور 48 کروڑ روپے سے زائد ریکور کئے ہیں