بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے،عبدالعزیرعقیلی

بلوچستان حکومت اور بیرک گولڈ کمپنی ریکوڈک پروجیکٹ معاہدے کے قریب ہے ،معاہدے کی صورت میں صوبائی حکومت کو ریکوڈک سے 25 فیصد حصہ اور صوبے کے 8 ہزار نوجوانوں کو روزگار ملے گا،چیف سیکرٹری بلوچستان

جمعرات 8 دسمبر 2022 23:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2022ء) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں پر امن، صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جس میں ٹرن آؤٹ 55 فیصد سے زیادہ تھا جو کہ صوبائی حکومت کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کو ریسکیو، ریلیف، امدادی سامان کی فراہمی اور سڑکوں کی بحالی موجودہ حکومت کی کامیابی ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے 10ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے، صوبے میں کوئلہ، کرومائیٹ، گیس، سنگ مرمر،تانبا اور سونا کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ ملکی جی ڈی پی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،بلوچستان حکومت اور بیرک گولڈ کمپنی ریکوڈک پروجیکٹ معاہدے کے قریب ہے اور معاہدے کی صورت میں صوبائی حکومت کو ریکوڈک سے 25 فیصد حصہ ملے گا صوبے کے 8 ہزار نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور اس کے علاؤہ بیرک گولڈ کمپنی صوبے میں دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری بھی کرے گا،ریکوڈک معاہدے سے صوبائی اور ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریکوڈک معاہدہ صوبے کی تقدیر بدل دے گی، ریکوڈک معاہدہ سے صوبے میں سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا، صوبے میں سیاحت کے شعبے میں بھی کافی روشن امکانات ہیں،صوبائی حکومت سیاحت کو فروغ دینے سے نہ صرف پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی بلکہ غربت میں کمی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے، بلوچستان میں سیاحت کی صنعت کی ترقی صوبے اور اس کی آبادی کی مجموعی حالت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم، انفراسٹرکچر، صحت و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت نے اپنی ترجیحات میں سر فہرست رکھا ہے ،اس مقصد کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں جنکی تکمیل سے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب نے صوبے میں بہت تباہی مچادی، مسلسل تین مہینوں سے بارشیں شروع تھی اور خاص کر نصیر آباد ڈویژن کو شدید متاثر کیا،صوبائی حکومت نے متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں، اس سلسلے میں صوبائی حکومت کیساتھ ساتھ پاکستان آرمی، انٹرنیشنل اور نیشنل تنظیمیں کا کردار قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کوئٹہ میں گرلز کیڈٹ کالج کو ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جو کہ صوبے میں طالبات کا پہلا کیڈٹ کالج ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہیں جس میں سڑکوں کی تعمیر، سپورٹس کمپلیکس، پارکوں کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی شامل ہیں۔رکشاپ سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حافظ عبد الباسط نے بھی خطاب کیا۔