پی پی ، ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی تحقیقات کی جلد سماعت کی درخواست منظور

عدالت عالیہ کی درخواست 22دسمبرکو سماعت کیلئے مقررکرنے کی ہدایت

جمعہ 9 دسمبر 2022 17:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2022ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی تحقیقات کی جلد سماعت کی درخواست منظور کرلی۔جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی پی پی اور ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی تحقیقات کی جلد سماعت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی ۔

پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست پی ٹی آئی رہنمافرخ حبیب کی جانب سے دائرکی گئی ، پیش کردہ درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا کہ پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی کے حوالے سے سپریم کورٹ کا حکم موجود ہے، پی پی اور (ن )لیگ کے محض 3سالوں کے فنڈز کی اسکروٹنی کی جارہی ہے۔درخواست گزار نے کہاکہ اکبر ایس بابر کی درخواست پر2008سے پی ٹی آئی کے پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی کی گئی، دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کیساتھ امتیازی سلوک کیا گیا، الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی سے متعلق اپنی منصفانہ و شفاف کردار کھودیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی 2 ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم دے، عدالت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے 5 سال کے پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی کا حکم دے۔چیف جسٹس نے کہا کہ چھٹیوں کے بعد کی تاریخ رکھ لیتے ہیں ، جس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ ہماری استدعا ہے پہلے رکھ دیں بہت دیر ہوجائے گی چھوٹا سا مسئلہ ہے جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہاکہ چھوٹا مسئلہ تو ہے پر اگلے ہفتے آپ کے باقی بڑے مسئلے بھی سماعت کیلئے مقرر ہیں، ایسا کرتے ہیں پھر چھٹیوں سے پہلے سماعت کیلئے رکھ لیتے ہیں۔

عدالت نے پی ٹی آئی کی پی پی اور ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی تحقیقات کی جلد سماعت کی درخواست منظور کرلی اور رجسٹرار آفس کو درخواست 22دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔