دہشتگردانہ ذہنیت اور انکی پناگاہوں کو ختم کئے بغیر امن کا قیام خواب ہی رہے گا، اسفند یارولی

جمعہ 16 دسمبر 2022 19:42

دہشتگردانہ ذہنیت اور انکی پناگاہوں کو ختم کئے بغیر امن کا قیام خواب ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2022ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ دہشتگردانہ ذہنیت اور انکی پناگاہوں کو ختم کئے بغیر امن کے قیام کا خواب خواب ہی رہے گا، سانحہ اے پی ایس جیسے دردناک واقعہ میں ملوث افراد انسان نہیں ہوسکتے۔بدقسمتی سے اس سانحہ کے کردار، سہولت کار اور ذمہ دار آج بھی عوام کے نظروں سے اوجھل ہیں۔

سانحہ اے پی ایس پشاور کی آٹھویں برسی پر جاری پیغام میں اے این پی سربراہ اسفندیارولی خان نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے زخم آج بھی تازہ اور شہدائ کے لواحقین انصاف کے منتظر ہیں۔والدین سے جگرگوشے چھینے گئے اور ایک جج صاحب کا صبر کی تلقین کرنا قابل افسوس اور انصاف کے منہ پر طماچہ ہے۔تشدد اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے۔

(جاری ہے)

درسگاہوں پر حملہ کرنیوالے اور انکے سہولت کار بیمار ذہنیت اور جاہلیت کے پیروکار ہیں امن کے قیام کیلئے باچا خان بابا کی سوچ و فکر کی ضرورت ساری دنیا کو ہے۔ اسفندیارولی خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔آج ایک بار پھر دہشتگردی کی نئی لہر عروج پر ہے لیکن بدقسمتی کہ سب اچھا ہے کی رپورٹ پیش کی جارہی ہے۔اگر اس بار اس آگ کو نہ روکا گیا تو یہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونیوالوں کے خون سے غداری ہوگی۔