گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں کرسمس تقریب،مسیحی ملازمین و طالبات میں تحائف تقسیم

منگل 20 دسمبر 2022 16:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2022ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں جامعہ کے مسیحی ملازمین اور کرسچین کمیونٹی کی طالبات میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز ویمن یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں صدر انجمن تاجران الحاج نصیریوسف وہرہ نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق (تمغہ امتیاز)، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز اسما عزیز،مختلف فیکلٹیز کی ڈینز، مختلف شعبوں کی سربراہان،انتظامی افسران اور کرسچین کمیونٹی کے ملازمین سمیت طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

وائس چانسلر نے کرسمس کمیونٹی کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کوسراہا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرنے کہا کہ تعلیم پر سب کا برابر حق ہے ، اگرچہ یونیورسٹی ہر سال میرٹ پرطالبات کو داخلے دیتی ہے تاہم اقلیتی برادری کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومتی پالیسی کی رشنی میں اوپن میرٹ کے ساتھ ساتھ اقلیتی کوٹے پر بھی داخلے کئے جاتے۔

صدر انجمن تاجران نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح سے مکمل آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے مسیحی برادری سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ نائب صدر انجمن تاجران سرور بٹ نے بھی کرسچین کمیونٹی کو کرسمس کی مبارکباد دی اور انہیں اپنے بچوں کو تعلیم دلوانے کی خصوصی تلقین کی۔آخر میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔