اتنی عجلت میں تو آرمی ایکٹ میں ترمیم نہیں ہوئی جتنی جلد بازی میں اسلام آباد بلدیاتی قانون میں ترمیم کر دی گئی

اگر حکومتی اتحاد کو تمام یونین کونسلوں میں اُمیدوار ہی نہیں ملے تو اس میں اسلام آباد کے شہریوں کا کیا قصور؟۔سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا بلدیاتی انتخاب ملتوی ہونے پر ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 24 دسمبر 2022 13:59

اتنی عجلت میں تو آرمی ایکٹ میں ترمیم نہیں ہوئی جتنی جلد بازی میں اسلام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 24 دسمبر2022ء) سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد بلدیاتی قانون میں ترمیم جلد بازی میں کی گئی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اتنی عجلت میں تو آرمی ایکٹ میں ترمیم نہیں ہوئی جتنی جلد بازی میں اسلام آباد بلدیاتی قانون میں ترمیم کر دی گئی تاکہ بلدیاتی الیکشنوں کو ملتوی کیا جا سکے۔

اگر حکومتی اتحاد کو تمام یونین کونسلوں میں اُمیدوار ہی نہیں ملے تو اس میں اسلام آباد کے شہریوں کا کیا قصور؟
جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہاگیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے پر فیصلہ مسترد کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے 16صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔ تحریری فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کا یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے پر فیصلہ مسترد کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جاتا ہے، عدالت کے سامنے درخواستوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائی گئی ووٹر لسٹوں کو چیلنج کیا گیا ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ دوسری درخواستوں میں وفاقی حکومت کے یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے سے متعلق فیصلہ الیکشن کمیشن سے مسترد کرنے کو چیلنج کیا گیا، ووٹر لسٹوں کے معاملے پر درخواست گزار 28 دسمبر کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کو سن کر ووٹر لسٹوں سے متعلق معاملہ قانون کے مطابق حل کرے، الیکشن کمیشن کو یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے سے متعلق فیصلہ مسترد کرنے سے پہلے وفاقی حکومت کا موقف جاننا چاہیے تھا۔فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف وفاقی حکومت سمیت تمام درخواست گزار 27 دسمبر کو الیکشن کمیشن میں پیش ہوں۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن تمام درخواست گزاروں کو سن کر معاملے کا قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کا حکومتی فیصلہ مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا تھا۔