تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کیلئے ننکانہ صاحب میں ڈیجیٹل لائبریری ،میوزیم کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ‘حبیب الرحمن گیلانی

مہاراجہ رنجیت سنگھ کی گوجرانوالہ میں موجو د حویلی کی تزئین و آرائش کی جائیگی ،وساکھی میلہ انتظامات کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدیں ‘پریس کانفرنس

منگل 17 جنوری 2023 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2023ء) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی نے کہا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان میں اقلیتوں کی خدمت اور مذہبی عبادت گاہوں کا امین ہے ،ننکانہ صاحب میں ڈیجیٹل لائبریری ،میوزیم کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ تاریخی ورثہ کو اجاگر کیا جا سکے ،دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کی رہائش کے لیے بہترین اقدامات کیے جا رہے ہیں،سکھ مذہب کے لیڈر مہاراجہ رنجیت سنگھ کی (گوجرانوالہ میں موجو د حویلی )جائے پیدائش کی تزئین و آرائش کی جائے گی ،وساکھی میلہ انتظامات کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہیڈ آفس میں ٹرسٹ بورڈ کی جانب سے ہندو اور سکھوں کے لیے کیے گئے اقدامات بارے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری بورڈ محمد ناصراکرم ،سی ای او کرتار پور ابو بکر آفتاب قریشی ،ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد سلیم ،ثناء اللہ خان اور ترجمان بورڈ عامر حسین ہاشمی انکے ہمراہ تھے ۔چیئرمین بورڈنے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ اور ہندو یاتریوں کا ٹرسٹ بورڈ کے اعلی انتظامات کو سراہنا تاریخی عمل ہے یاتریوں کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان ا ٓنے سے روکا جا رہا تھا جبکہ ہمیں یہا ںگھر سے زیادہ سہولتیں اور پیار ملا اور ہم آئندہ بھی بڑی تعداد میں پاکستان آنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق 22ارب روپے مالیت کی ٹرسٹ پراپرٹی ناجائز قابضین سے واگزار کروائی گئی ہے جبکہ نئی ترجیحات کے مطابق بورڈ کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے ۔سپارکو کے تعاون سے پراپرٹیز کی نشانادہی کر رہے ہیں ٹرانسفر آف پراپرٹی کے عمل کو بھی کمپوٹرائنز کر دیا گیا ہے ۔بورڈ کے اخراجات میں کمی جبکہ عملہ کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے۔

ملک بھر میں ہندئووں اور سکھوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت اور تزئین و آرائش کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیںتاکہ انکی مذہبی اور تاریخی اہمیت بحال رہے ۔کرتارپور کے ماہانہ اخراجات میں 50فی صد کمی اور سولرسسٹم سے بھر پور فائدہ حاصل کیا جائے گا ،انکا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ٹرسٹ بورڈ واحد ادارہ ہے جو حکومت وقت سے کوئی مراعات لیے بغیر تمام تر اخراجات خود کرتا اور آنے والے یاتریوں کی بہترین مہمان نوازی کرنے میں پیش پیش رہتا ہے انہوںنے بتایا کہ کرتار پور میں لنگر ہال میں بہترین کھانا جبکہ 24گھنٹے طبی سہولیتا مہیا ہوں گی ۔

بابا گورو نانکے کے نام سے منسوب ہندو اور سکھ طلباء کے اسکالر شپ کی تعداد 50 سے بڑھا کر 100کر دی گئی ہے جس میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ ہو نہار طلباء اپنی تعلیمی سرگرمیاں جا ری رکھ کر ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ سکھ مذہبی کے روایتی تہوار وساکھی میلہ کے انتظامات کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں بنا دی گئیں ہیںاور بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کو بہترین سہولیات دی جائیں گی ۔