Live Updates

پی ٹی آئی کے تمام سابق رکن قومی اسمبلی سے مراعات واپس لینے کا فیصلہ

اسمبلی سیکرٹریٹ نے متعلقہ اداروں کو مراعات واپس لینے کے احکامات جاری کر دئیے،سابق ایم این ایز سے پارلیمنٹ لاجز اور گاڑیاں واپس لی جائیں گی

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 25 جنوری 2023 14:29

پی ٹی آئی کے تمام سابق رکن قومی اسمبلی سے مراعات واپس لینے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2023ء ) پی ٹی آئی کے تمام سابق ایم این ایز سے مراعات واپس لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر اسمبلی سیکرٹریٹ نے سی ڈی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کو پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی سے مراعات واپس لینے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں،سابق ایم این ایز سے پارلیمنٹ لاجز اور گاڑیوں سمیت دیگر تمام مراعات واپس لی جائیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان کو مراعات واپس کرنے کے پیغامات بھی بھجوا دیئے گئے ہیں،پی ٹی آئی کے سابق ارکان قومی اسمبی کو فراہم کئے گئے لاجز بھی واپس لینے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے لاجز خالی کرانے کے احکامات بھی سی ڈی اے کو موصول ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے بھجوائے گئے استعفوں کے بعد پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے،الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن نے 43 ارکان قومی اسمبلی کی نشستیں خالی قرار دے دیں،نوٹیفکیشن کے مطابق محمد احمر سلطان،راحت امان،رائے مرتضٰی اقبال اور محمد شفیق کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا ہے۔انور تاج،محمد یعقوب شیخ،گل ظفر خان اور جواد حسین کو بھی ڈی نوٹیفائی کیا گیا۔ اس کے علاوہ رضا نصراللہ،حماد ریاض خان اور محبوب سلطان بھی ڈی نوٹیفائی ہونے والوں میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ دنوں دو مراحل میں پی ٹی آئی کے 70 استعفے منظور کیے تھے جبکہ تحریک انصاف کے اب تک 124 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے گئے ہیں۔ جبکہ پی ٹی آئی کے 44 ارکان اسمبلی نے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا اور پی ٹی آئی ارکان اسی سلسلے میں پارلیمنٹ پہنچے تو پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ بند کر دیا گیا۔ارکان نے اسپیکر ہاؤس جانے کی بھی کوشش کی لیکن انہیں وہاں جانے سے بھی روک دیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات