نازیبا ویڈیوز کا معاملہ، دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پرفریقین کو 8 فروری تک کے لئے نوٹس جاری

بدھ 25 جنوری 2023 17:04

نازیبا ویڈیوز کا معاملہ، دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پرفریقین کو 8 فروری ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2023ء) سندھ ہائیکورٹ نے مرحوم عامر لیاقت کی نا زیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پرفریقین کو 8 فروری تک کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔بدھ کوسندھ ہائی کورٹ میں عامر لیاقت کی نامناسب ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے پرسماعت ہوئی، عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر مدعیہ، پراسکیوٹر ایف آئی اے، انویسٹی گیشن افسر کو 8 فروری کے لیے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

عامرلیاقت مرحوم کی تیسری اہلیہ پرالزام ہے کہ انہوں نے خاوند کی نامناسب ویڈیو سوشل میڈیا کو فراہم کی تھی۔دانیہ شاہ کے خلاف عامرلیاقت کی صاحبزادی دعائے عامرکی مدعیت میں ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی میں مقدمہ درج ہے۔ایڈووکیٹ لیاقت علی خان گبول نے موقف اپنایا کہ ملزمہ کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروایا گیا ہے ملزمہ نے نہ تو عامر لیاقت کی ویڈیو بنائی اور نہ ہی کسی کو فراہم کی۔وکیل نے کہا کہ دانیہ شاہ مرحوم عامر لیاقت کی بیوہ ہیں جائیداد کی وراثت سے حصہ مانگنے پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ وہ اپنے شرعی حصہ سے دستبردار ہوجائے۔دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت ڈسٹرکٹ جج شرقی نے 18 جنوری 2023 کو مسترد کی تھی۔