ایف بی آر ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 3965 ارب روپے کی محصولات اکھٹا کیے

muhammad ali محمد علی منگل 31 جنوری 2023 23:56

ایف بی آر ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جنوری2023ء) ایف بی آر ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل جنوری 2023 کے اختتام پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے رواں ماہ اور گزشتہ 7 ماہ کے دوران اکٹھے کیے گئے ٹیکس کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ میدیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آر ٹیکس وصولی کیلئے اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

ایف بی آر ٹیکس وصولی کیلئے مقرر کیے گئے ہدف سے کم از کم 200 ارب روپے پیچھے ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر نے جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 3965 ارب روپے کی محصولات اکھٹا کیے، جنوری میں 537 ارب روپے کی محصولات اکھٹا کئے گئے۔ جنوری کے مہینہ میں ایف بی آر کی محصولات میں سالانہ بنیادوں پر23 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی، تاہم ٹیکس وصولیوں میں درکار اضافہ حاصل نہ کیا جا سکا۔

(جاری ہے)

جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 208 ارب روپے کے ری فنڈز جاری کئے گئے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 14 فیصدزیادہ ہے۔ ایف بی آر کے مطابق براہ راست ٹیکسوں کی وصولی کی شرح میں جاری مالی سال کے دوران 48 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے جو حکومت کی جانب سے صاحب ثروت افراد پرٹیکسوں کازیادہ بوجھ ڈالنے کی پالیسی کی عکاسی کررہاہے۔اندرونی ٹیکسوں کی وصولی کی شرح میں 40 فیصدکی نموہوئی ہے، کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کی شرح میں جنوری کے دوران سالانہ بنیادوں پر 16 فیصدکی نموہوئی ہے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین عاصم احمد نے کہا تھا کہ پاکستان کی اس وقت جو معاشی صورتحال ہے وہ بہت تشویشناک ہے ریونیو میں شارٹ فال آرہا ہے کیونکہ امپورٹ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ لیکن ان سب کے باوجود یہ ہمارا عزم ہے کہ 7.470 ٹریلین کا جو سالانہ ٹارگٹ ہے اس کو ہم پورا کریں گے۔