Live Updates

25مئی واقعات پر ٹربیونل کی رپورٹ سارے نظام پر انا اللہ و انا الہ راجعون ہے‘مسرت جمشید چیمہ

آج کل شریف خاندان، حواریوں ،تابعدار وں کیلئے ’’کلین چٹ ‘‘کی بہار آئی ہوئی ہے ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

بدھ 1 فروری 2023 11:54

25مئی واقعات پر ٹربیونل کی رپورٹ سارے نظام پر انا اللہ و انا الہ راجعون ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ 25مئی کے واقعات پر ٹربیونل کی رپورٹ سارے نظام پر انا اللہ و انا الہ راجعون ہے، ویسے بھی آج کل شریف خاندان، حواریوں اورتابعدار وں کیلئے ’’کلین چٹ ‘‘کی بہار آئی ہوئی ہے ،شاہد خاقان کا پارٹی عہدے سے استعفیٰ مریم صفدر کی اجارہ داری کیخلاف پہلی بغاوت ہے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ 25مئی کو نہتے لوگوں پر ظلم وبربریت کرنے والوں کو کلین چٹ سے حقیقی آزاد ی کی تحریک پہلے سے زیادہ نا گزیر ہو گئی ہے،اگر ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو اداروں میں بھی اصلاحات کیلئے سرجری بھی نا گزیر ہے۔ انہوںنے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے کو انتخابات میں اپنی کامیابی کا ایک فیصد بھی یقین نہیں اس لئے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں ،پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے ایسا لگتا ہے ملک کو کوئی اور مسئلہ درپیش ہی نہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ منتبہ کررہے ہیں کہ عمران خان اورپی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی کوششوں سے ملک کونا قابل تلافی نقصان کا اندیشہ ہے اس لئے اس پالیسی پر نظر ثانی کی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کا ادنی سے ادنی کارکن بھی خوفزدہ ہونے کی بجائے پہلے سے زیادہ ثابت قدم ہے،ان شا اللہ عمران خان کی قیادت میں مافیاز کو چاروںشانے چت کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل بارش کے پہلے قطروں کی طرح ہیں آنے والے وقت میں تو موسلا دھار بارش ہو گی،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں بہت سے لوگ قیادت کے بچوں کی خدمت کرنے کے خلاف بغاوت کاعلم بلند کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مریم صفدر کنونشنزکی آڑ میں سیاسی آلودگی پھیلانے کی بجائے گھر بیٹھیں تو یہی انکی پارٹی کے حق میںبہتر ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات