Live Updates

عمران خان نے مبینہ بیٹی کو چھپانے کے کیس میں جواب عدالت میں جمع کرا دیا

بطور رکن اسمبلی آفس چھوڑ چکا،درخواست قابل سماعت نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ کے 4 جج اس معاملے کو سننے سے معذرت کر چکے،جو جج پہلے کیس سے معذرت کر چکے ہوں وہ دوبارہ اسے نہیں سن سکتے۔عمران خان کی کیس خارج کرنے کی استدعا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 1 فروری 2023 11:54

عمران خان نے مبینہ بیٹی کو چھپانے کے کیس میں جواب عدالت میں جمع کرا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 فروری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے مبینہ بیٹی ٹیریان کو چھپانے کے کیس میں جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹیریان وائٹ کو چھپانے پر عمران خان کی نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔عمران خان نے ابتدائی جواب جمع کراتے ہوئے اپنے خلاف کیس کو خارج کرنے کی استدعا کر دی۔

عمران خان نے جواب میں کہا کہ بطور رکن اسمبلی آفس چھوڑ چکا۔درخواست قابل سماعت نہیں، آرٹیکل 199 کے تحت یہ کورٹ اس درخواست کو نہیں سن سکتی۔رپورٹ کے مطابق عمران خان نے فیصل واوڈا کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کیس سننے والے موجودہ چیف جسٹس پر بالواسطہ اعتراض بھی اٹھا دیا۔عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ ٹیریان وائٹ کیس پر نااہلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی خارج کر چکا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 4 جج اس معاملے کو سننے سے معذرت کر چکے۔عبدالوہاب بلوچ نے اسی معاملے پر پہلے درخواست دائر کی تھی جس کو یکم اگست 2018 کو جسٹس عامر فاروق نے سننے سے معذرت کر لی تھی۔جو جج پہلے کیس سے معذرت کر چکے ہوں وہ دوبارہ اسے نہیں سن سکتے۔یہ عدالت اس کیس کے حوالے سے پہلے بھی فیصلہ کر چکی ہے۔عمران خان کے خلاف دائر درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے برطانیہ میں ٹیریان وائٹ کی کفالت کے انتظامات کئے لیکن اپنے کاغذات نامزدگی میں اور الیکشن لڑنے کے حلف نامے میں اس کا ذکر نہیں کیا۔

درخواست گزار کے وکیل سلمان اسلم بٹ نے عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان کی جانب سے 18نومبر 2004 کے ڈیکلیئریشن پر مشتمل اضافی دستاویز پیش کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ میں نے یہ ڈیکلریشن ٹیریان جیڈ خان وائٹ کی درخواست کی حمایت میں کیا ہے جس میں اپیل کی گئی کہ کیرولین وائٹ(ٹیریان کی والدہ اینا لوئیسا سیتا وائٹ کی بہن)کو ٹیریان کا سرپرست مقرر کیا جائے۔

ڈیکلریشن میں کہا گیا کہ جمائما خان نے ٹائرین جیڈ کے سرپرست کے طور پر خدمات انجام دینے سے انکار کر دیا تھا اور سرپرستی کے لئے کیرولین وائٹ کا نام تجویز کیا تھا کیونکہ وہ سمجھتی تھیں کہ یہ ٹیریان کے بہترین مفاد اور خواہش کے مطابق ہے۔ عمران خان کی نمائندگی کرنے والے سلمان اکرم راجا نے عدالت میں پٹیشن کے قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے موقف اپنایا ان کے موکل ایوان زیریں سے استعفیٰ دینے کے بعد اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے وہ اپنے موکل کی جانب سے بروقت جواب جمع کرانے سے قاصر ہیں کیونکہ شرط ہے کہ کیس کے دوران دستاویزات جمع کرانے سے قبل بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات