Live Updates

عمران خان کو توشہ خانہ کیس سے بھاگنے نہیں دیں گے،نااہلی عمران خان کا مقدربن چکی ہے ،مسلم لیگ( ن) کے رہنمائوں کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 1 فروری 2023 18:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2023ء) مسلم لیگ ن کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس سمیت دیگر معاملات سے بھاگنے نہیں دیں گے،نااہلی عمران خان کا مقدربن چکی ہے ،ملک میں قانون سب کیلئے ایک ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار بدھ کو لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں عطا تارڑ،طلال چوہدری اور عابد شیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے بزدل ترین انسان ہے،عمران خان نے ہائیکورٹ سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پر 7 فروری کو فرد جر م عائد ہونے جارہی ہے لیکن وہ عدالتوں سے کہہ رہے ہیں کہ انہیں وڈیو لنک پرلیں اور ان کے گھر میں آ کر تفتیش کر لیں،بتایا جائے کیا وہ آ سمان سے اترے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کوئی گولی نہیں لگی بلکہ کنٹینر کے دو ٹکڑے لگے ہیں،عمران خان گرفتاری سے بہت ڈرتے ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیے،ہم انتخابات کے لیے تیار ہیں اس سے راہ فرار اختیار کرنا ہماری پارٹی کا منشور نہیں ہے، مسلم لیگ ن کے امیدوارملک کے کونے کونے میں انتخابات میں حصہ لیں گے اور عوام کو بتائیں گے کہ عمران خان اور ان کی پارٹی نے اپنے دور میں ملک کو کس طرح دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسلام آ باد ہائیکورٹ میں ایک تحریری جواب جمع کروایا ہے کہ وہ ایم این اے نہیں ہیں اس لیے ان پر کیس نہیں بنتا۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا،عدل و انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ جس کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا تھا بتا دیں بیٹے سے تنخواہ لینی تھی یا نہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے نہ استعفی دیا ہے اور نہ ہمیں موصول ہوا ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان سے توشہ خانہ سے متعلق سوال کیا جاتا ہے تو کہتے ہیں میرا تحفہ میری مرضی،پی ٹی آئی دور میں مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں کو بے گناہ سزائیں دلوائی گئیں،خان صاحب آپ کی نہیں آئین کی مرضی چلے گی،ہم انتخابات سے بھاگنے والے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی بھی معاملات عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں ہیں ، ملک میں مردم شماری ہونے والی ہے ،عمران خان کے دور ہی میں ڈیجیٹلائز یشن کے ذریعے مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بہت سے تحفظات ہیں جن میں ووٹوں کے اندراج کا مسئلہ ہے، رات کے اندھیرے میں ضمنی انتخاب چوری کر لیا گیا اورآر ٹی ایس سسٹم بٹھا دیا گیا، صاف شفاف انتخابات کروانے کے لئے اس میں مزید اصلاحات کی ضرورت ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ ملک میں ایسے انتخابات ہونے چاہئیں جو تمام سیاسی جماعتوں کو قابل قبول ہو ں،ان میں اصلاحات کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات اسی وقت ہوں گے جب لیول پلینگ فیلڈ ہوگی،عمران خان سے یہودیوں اور بھارتیوں سے لینے والے ڈالرز کے بارے میں پوچھا جانا چاہیے۔عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں ریلیف دے دیا جاتا ہے جبکہ محمد نواز شریف کو اقامہ کی بنیاد پر نااہل کر دیا جاتا ہے،ملک میں سب کے لیے ایک جیسا قانون ہونا چاہیے،وہ نواز شریف جس کے دور میں عوام خوشحال اور ملکی معیشت مستحکم تھی اس کو ایک معمولی سے کام کی وجہ سے نااہل کیا جاتا ہے جبکہ عمران خان جس کے جرم ثابت شدہ تھے اس کو سٹے دے دیا جاتا ہے اور ملک پر مسلط کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور بھی عمران خان کی پارٹی کی ناقص پالیسی کی وجہ سے ہوا،گزشتہ10سال سے پشاور میں ان کی حکومت تھی ،ان کی پارٹی نے کوئی ایسا فلاحی کام نہیں کیا جس کی وجہ سے وہاں پر آ ج سیکورٹی اور امن و امان کی صورتحال خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالتوں کے خلاف جو بیان بازی کر رہے ہیں جس پر انہیں گرفتار اور نااہل کر ناچاہیے ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ ملک میں آٹے کا بحران عمران خان کی وجہ سے آیا، عمران خان کو نااہل ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا، انشا اللہ وقت آگیا ہے کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ اور ان کے کرپٹ پارٹی کارکنان سب جیلوں میں جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات