بی ایم جی اور کے سی سی آئی عہدیداران نے کراچی کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا

بدھ 1 فروری 2023 23:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2023ء) بزنس مین گروپ (بی ایم جی) کی قیادت اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے عہدیداران نے کراچی کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معروف صنعتکار/ برآمد کنندہ محمد لاکھانی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جو بدھ کو دن دیہاڑے سائٹ ایریا میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں زخمی ہو گئے ۔

ایک مشترکہ بیان میں چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا، وائس چیئرمین بی ایم جی طاہر خالق، ہارون فاروقی، انجم نثار اور جاوید بلوانی، جنرل سیکریٹری بی ایم جی اے کیو خلیل، صدر کے سی سی آئی طارق یوسف، سینئر نائب صدر توصیف احمد اور نائب صدر حارث اگر نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کو وقتاً فوقتاً ایسے خطرات اور کراچی کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر توجہ دینے کی درخواستوں کے ساتھ متنبہ کرتے رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے کوئی ایسا ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا جس کی وجہ سے آج محمد لاکھانی پر حملہ ہوا۔

(جاری ہے)

محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروںکے سربراہان کو سڑکوںپر جرائم میں اضافے کے بارے میں خبردار کیا گیا تھا لیکن کوئی بڑا قدم نہ اٹھانے کی وجہ سے ہمارا ایک ساتھی صنعتکار آج ہونے والے گھناؤنے حملہ میں زخمی ہواجو قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔

اس سلسلے میں محمد لاکھانی پر حملے کے ذمہ داروں کو فوری طور پر پکڑنے کے لیے مناسب انکوائری اور فول پروف تفتیش کی جانی چاہیے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ سیف سٹی پراجیکٹ جو کہ عرصہ دراز سے تعطل کا شکار ہے، کراچی کو محفوظ بنانے کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے، اس لیے اس اہم منصوبے پر فوری عمل درآمد کیا جائے تاکہ کراچی کو مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات سے مکمل طور پر محفوظ رکھا جا سکے خاص طور پر کراچی کے صنعتی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط کرنا ہوگا کیونکہ یہ علاقے آج کل بگڑتے امن و امان کا زیادہ شکار ہورہے ہیں۔

انہوں نے رینجرز اور پولیس کی جانب سے 24 گھنٹے گشت اور سائٹ ایریا میں متعدد مقامات پر پہلے سے موجود ناکوں پر رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا جبکہ سائٹ ایریا کے داخلی اور خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک فوکل پرسن کو بھی دستیاب کیا جانا چاہیے جبکہ سائٹ ایریا میں کرائم مانیٹرنگ سیل کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہی