انسانوں اور کرہ ارض کی دیگر حیات کی بقا ویٹ لینڈز کے احیاء سے جڑی ہے

آبگاہیں جنگلی حیات کیلئے بہترین مسکن اور خوراک کی آماجگاہیں ہیں جنکا تحفظ لازم ہے ‘محکمہ جنگلی حیات

جمعرات 2 فروری 2023 13:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2023ء) پوری دنیا میں ہر سال 2 فروری کے دن کو ورلڈ ویٹ لینڈز ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے جسکا بنیادی مقصد لوگوں میں ویٹ لینڈز کے متعلق شعور و آگہی اُجاگر کرنا ہوتا ہے۔ محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب بھی اس دن کے حوالے سے سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک اور ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی قیادت میںانتہائی پر عزم ہے اور اسی کے پیش نظر محکمہ کے زیر اہتمام اس دن کو عالمی تناظر میں منانے کیلئے صدر دفتر لاہور میں آگاہی بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں جن پر ویٹ لینڈز کی اہمیت و افادیت پر مبنی سلوگن درج ہیں تاکہ لوگوں کو باور کرایا جاسکے کہ آج دنیا بھر میں ویٹ لینڈز شدید خطرات سے دو چار ہیں اور بتدریج سکڑ رہی ہیں جس کیوجہ سے متنوع ماحولیاتی نظام زبردست متاثر ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

ان لاحق خطرات میں ویٹ لینڈز کی جگہوں کی زرعی اور تجارتی مقاصد کیلئے منتقلی ، ویٹ لینڈز کی جگہوں کی نکاسی آب نظام میں تبدیلی ، بے تحاشہ ماہی گیری اور سیاحت ، بھل کی فراوانی ، زراعت میں توسیع اور زرعی ادویات کا بے جا استعمال ، صنعتی فضلہ ، آلودگی اور کوڑا کرکٹ کی بھر مار ، بارشوں میں کمی ، زیر زمیں پانی کی کمی ، جنگلات کی کٹا ئی وغیرہ جیسے عوامل کار فرما ہیں ۔

لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام ، حکومت، سرکاری و غیر سرکاری تنظیمات باہم مل جل کر قدرت کا عطیہ ان آبگاہوں کو آلودگی کا شکار ہونے سے بچائیں تاکہ یہاں کے حیاتیاتی متنوع ماحولیاتی نظام میں خلل واقع نہ ہو اور یہاں ہجرت کرکے آنیوالے آبی پرندوں اور مقامی جنگلی حیات کو مساکن اور فیڈنگ گرائونڈز میسر رہیں ۔ آبگاہوں کو تحفظ دیکر جہاں ہم سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچ سکتے ہیںوہیں آبگاہوں کی بدولت ہم معاشی سرگرمیاںبھی جاری رکھ سکتے ہیں ، آبگاہوں سے زیر زمین پانی کی سطح بر قرار رہتی ہے جس سے زمین کا درجہ حرارت بھی نارمل رہتا ہے اور یہاں کے موسم انسانوں ، چرند ، پرند اور خزند کیلئے خوشگوار اور معتدل رہتے ہیں۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ محکمہ کے شعبہ نشر و اشاعت نے ویٹ لینڈز بچائو کے حوالے سے ایک خوبصورت وڈیو کلپ بھی تیار کرکے عوامی آگاہی کیلئے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا ہے تاکہ عام لوگوں کو بھی آبگاہوں کی قدر و قیمت اورافادیت سے بھرپور آگاہی ہو سکے ۔