{قائداعظم پاکستانی سیاست کے رول ماڈل ہیں: جسٹس (ر)ناصرہ اقبال

جمعرات 2 فروری 2023 20:00

ھ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2023ء) جسٹس (ر)ناصرہ اقبال نے کہا کہ قائداعظم پاکستانی سیاست کے رول ماڈل ہیں، انہوں نے صداقت کے اُصولوں پر سیاست کی،ایمان،اتحاد،تنظیم کی راہ کو اپناتے ہوئے پاکستان کو آزادی دلا کر ناممکن کو ممکن کر دیکھایا،قائداعظم نے یہ کامیابی سیاست میں اعلیٰ اقدار اور اپنے اخلاق کے سبب متعارف کروائیں،انہوں نے سچائی امانت اور دیانت کا راستہ اختیار کیا اور پوری زندگی بہترین اخلاقیات کا مظاہرہ کیا لیکن آج کا سیاستدان اُنکے برعکس ہے جنہوںنے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا،آج پاکستان جھوٹ،وعدہ خلافی،ناانصافی اور کرپشن میں بہت آگے جا چکا ہے،جسکے نتیجے میں پاکستان پستی کا شکار ہے۔

اب حالت یہ ہے کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تر ہے،مہنگائی کا طوفان عوام کو نگل رہا ہے،قوم اُمید بھری نظریں لگائے ہوئے ہے کہ شاید ہمارا کوئی لیڈر قول و فعل کا پکا ہو اور ہمیں جھوٹ و فریب کی دلدل سے نکالے،ہمیں اپنے اخلاق کو اسطرح سنوارنا ہوگا جسطرح نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے تلقین فرمائی اور اگر ہم اس پر عمل کریں تو تمام اخلاقی خرابیاں ختم ہو سکتی ہیں اور معاشرہ امن،اخوت اور بھائی چارہ کی تصویر بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ’’پاکستان کی سیاست میں زوال اخلاق‘‘کے موضوع پر شوریٰ ہمدردلاہور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صدر شعبہ سیاسیات جامعہ پنجاب ڈاکٹر ارم ناز، سابق وزیر مملکت برائے قانون قیوم نظامی،عمر ظہیر میر،پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد اکرم،ثمر جمیل خان،ڈاکٹر نصیر اے چوہدری،احتشام حسن خان ودیگر شامل تھے۔

مقررین نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل دین اسلام میں موجود ہے قرآن مجید ایک مکمل ضابطہ اخلاق ہے جسمیں ہر طرح راہنمائی موجود ہے،ہم سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی زندگیاں بدل سکتے ہیں، تعلیمی اداروں میں قرآن پاک و سیر ت محمد ﷺ کی تعلیم معہ ترجمہ لازم کر دی جائے اور قائداعظم کے فرمودات و علامہ اقبال کی شاعری کو بھی نصاب کا حصہ بنایا جائے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں زندگی کے مقصد کو سمجھیں اور اخلاقیات کا بہترین سبق حاصل کر سکیں۔