تانڈہ ڈیم سے آخری بچے کی لاش نکال لی گئی

کشتی میں سوار 57 بچوں میں سے صرف 5 کو زندہ بچایا جا سکا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 3 فروری 2023 15:33

تانڈہ ڈیم سے آخری بچے کی لاش نکال لی گئی
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 03 فروری 2023ء) تانڈہ ڈیم سے آخری بچے کی لاش نکال لی گئی۔کشتی میں سوار 57 بچوں میں سے صرف 5 کو زندہ بچایا جا سکا۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کشتی ڈوبنے کے ریسکیو آپریشن کے چھٹے روز تانڈہ ڈیم سے آخری بچے کی لاش نکال لی گئی۔ڈوبنے والی بدقسمت کشتی میں 57 مدرسے کے طالب علم سوار تھے جن میں سے 5 کو بچا لیا گیا تھا۔

کشتی الٹنے سے ملاح ساجد اور 51 بچے جاں بحق ہوئے۔کوہاٹ پولیس نے حادثے کا مقدمہ کشتی بان اور ایکسین محکمہ ایریگیشن کے خلاف درج کیا تھا۔اس سے قبل تاندہ ڈیم میں ڈوبنے والے 42 بچوں کی لاشیں نکال لی گئی تھیں۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ تیسرے روز تاندہ ڈیم سے مزید 11 بچوں کی لاشیں نکالی گئی جس کے بعد جاں بحق بچوں کی تعداد 42 ہو گئی۔

(جاری ہے)

مہتمم مدرسہ عربیہ میری باش خیل شاہد نور نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کشتی میں خود 57 بچوں کو سوار کرایا تھا جبکہ اب لاپتہ ہونے والے مزید بچوں کی تلاش جاری ہے۔

میرا ایک بیٹا اور سگے بھتیجوں سمیت گھر کے نو بچے جاں بحق ہوئے۔جبکہ کوہاٹ سیر کے لیے تانڈہ ڈیم جانے والوں کی ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں کشتی میں سوار ہونے سے قبل بچے قطار میں تانڈہ ڈیم کی طرف جاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تاندہ ڈیم ضلع کوہاٹ میں بچوں کے ڈوبنے کے واقعہ پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کووزیراعظم آفس کےمیڈیاونگ سےجاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جاں بحق بچوں کے لئے فاتحہ اور بلندی درجات کی دعا ۔

وزیراعظم نے لواحقین سے تعزیت کااظہار کیاہے۔ وزیراعظم نےہسپتال میں زیر علاج بچوں کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ کمشنر کوہاٹ ڈویژن محموداسلم وزیر نے تاندہ ڈیم سانحہ پرانتہائی افسوس کرتے ہوئے اپنے اس عزم کا اظہار کیا ہے واقعہ کی شفاف انکوائری کی جائے گی اور تحقیقات کے نتیجے میں واقعہ میں ملوث ذمہ داروں اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔