لاہور میں ایک ہی دن میں 3خواتین سمیت چار افراد قتل

تینوں خواتین کو گھریلو نوچاقی پر قتل کیا گیا ، تشدد کے بعد بیوی کے بال کاٹنے والا ملزم گرفتار

پیر 6 فروری 2023 20:44

لاہور میں ایک ہی دن میں 3خواتین سمیت چار افراد قتل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2023ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک ہی دن میں 3 خواتین سمیت چار افراد کو قتل کردیا گیا۔لاہور کے علاقے اقبال ٹائون میں ناہید نامی خاتون کو اس کے شوہر طاہر نے چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔قتل کا دوسرا واقعہ تھانہ شالیمار کی حدود بھوگیوال میں پیش آیا جہاں گھر سے خاتون کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت 22سالہ حنا کے نام سے ہوئی۔

ورثاء نے الزام عائد کیا کہ حنا کے شوہر احسن نے گھریلو لڑائی جھگڑے کے بعد بیوی کو پھندا دیکر مار دیا، حنا کو اسی کے ڈوپٹے سے پھندا دیکر لٹکا دیا۔واقعے کے بعد ملزم فرار ہو گیا ۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائنزسے رپورٹ طلب کر لی ۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور نے قتل میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

لاہور میں قتل کا تیسرا واقعہ برکی میں پیش آیا، جہاں 28سالہ صاحبہ کو اس کے شوہر اور سسرالیوں نے تشدد کرکے مار دیا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ۔اسی طرح ستوکتلہ میں نشے کے عادی شوہر نے تشدد کے دوران بیوی کے بال کاٹ دیئے ،پولیس نے کاشف کوگرفتار کرلیا ۔جبکہ نواب ٹائون کے علاقہ میں مالک مکان اور کرایہ دار میں جھگڑا ہوا جس پر تلخ کلامی پر مالک مکان نے کرایہ دار کو گولی مار کر قتل کردیا ۔ جاں بحق ہونے والے کرایہ دار کی شناخت 38سالہ امیر حمزہ کے نام سے ہوئی۔