نئی آبادیوں کو بجلی کی فوری فراہمی اور دیگرمسائل کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،چیئرمین فیسکو بورڈ

بدھ 15 فروری 2023 18:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2023ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوا ن نے کہا کہ نئی آبادیوں کو بجلی کی فوری فراہمی اور دیگر مسائل کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز تمام وسائل کو بروئے کارلارہا ہے۔وہ فیسکو ہیڈکوارٹرزمیں چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد کے ہمراہ ضلع جھنگ کے مختلف حلقوں میں بجلی سے متعلقہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں سابق ایم پی اے فیصل حیات جبوآنہ، ن لیگ کے امیدواران امیرعباس سیال،خالد سرگانہ،بابر خان سیال، سلطان سکندر،فیسکو کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن محمد سعید،سٹاف آفیسر عابد رشید،ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ سید احمد علی شاہ،ایس ای جھنگ سرکل فیصل رضا مارتھ،جھنگ سرکل کے کنسٹرکشن اور آپریشن کے افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچیئرمین فیسکو بورڈآف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صارفین کے ہمہ قسم کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ اس اجلاس کا انعقاد وزیراعظم پاکستان اور وزارت توانائی (پاورڈویژن)کی ہدایت پرکیاگیا ہے جس کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جھنگ میں جاری کنسٹرکشن اور دیگر ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیاجائے اور صارفین کو ہرممکن سہولیات کوان کی دہلیز پرفراہمی کو یقینی بنایاجائے۔اس موقع سابق ایم پی اے فیصل حیات جبوآنہ اور دیگرامیدواران نے این اے114،115 اور116 میں بجلی کے کھمبوں،تاروں،ٹرانسفارمرز اور دیگر تنصیبات سے متعلقہ مسائل سے فیسکو حکام کو آگاہ کیا جن کے حل کیلئے فوری طور پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متعلقہ افسران کواحکامات جاری کئے۔

قبل ازیں چیف ایگزیکٹو فیسکو نے چیئرمین فیسکوبورڈ کو ملٹی میڈیا پر سلائیڈز کی مدد سے ضلع جھنگ کے مختلف حلقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی پراگریس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔سابق ایم پی اے فیصل حیات جبوآنہ اور دیگرامیدواران نے ان کے مسائل فوری حل کرنے پر ملک تحسین اعوان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔