وزیراعظم نے سرگودھا کی تحصیل شاہ پور کے دیہات جلال پور جاگیر اور جھگیاں سیداں میں فراہمی سوئی گیس منصوبہ کی منظوری دیدی

اتوار 19 فروری 2023 14:30

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2023ء) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سرگودھا کی تحصیل شاہ پور کے دیہات جلال پور جاگیر اور جھگیاں سیداں میں فراہمی سوئی گیس منصوبہ کی منظوری دے دی۔ سرگودھا کے حلقہ این اے 92 سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سید جاوید حسنین نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات میں حلقہ کے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے جلال پور جاگیر و جھگیاں سیداں میں سوئی گیس کی فراہمی کی استدعا کی جس پروزیر اعظم شہباز شریف نے فراہمی سوئی گیس کے منصوبہ کی منظوری دے دی اور وزارت سوئی گیس و پٹرولیم کو اقدامات کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم سے ملاقات کر کے واپسی پر ایم این اے سید جاوید حسنین شاہ نے بتایا کہ بہت جلد فراہمی سوئی گیس کے منصوبہ پر کام شروع کرتے ہوئے پائپ لائنز بچھانے کے ٹینڈر جاری کر دیئے جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقہ کے عوام ایک عرصہ سے بنیادی مسائل کا شکار ہیں اور پچھلے چار سال میں علاقہ میں کوئی ترقیاتی کام نہ ہونے پر مایوس عوام کو انشااللہ بہت جلد خوشیاں ملیں گئیں اور ان کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن لیگ نے اپنے مختصر عرصہ میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جن سے عوام کو آمدورفت میں سہولیات ملیں گئیں۔