ینگ بینکنگ پروفیشنل پروگرام کے تحت ہونہار طالبات کیلئے ایف ای بی او کا سر ٹیفکیٹ ٹریننگ کورس کا انعقاد

منگل 21 فروری 2023 11:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2023ء) نیشنل بینک آف پاکستان اورگورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے اشتراک سے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی پانچ ہونہار طالبات کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس کی جانب سے ایف ای بی او کا سر ٹیفکیٹ ٹریننگ کور س کروایا گیا۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس،سٹیٹ بینک آف پاکستان کا ذیلی ادارہ ہے جو ملک کے مرکزی اور تجارتی بینکوں، مائیکرو اور دیہی فنانس فراہم کرنے والوں سمیت انتظامی و پیشہ ور افراد کی معیاری تربیت کیلئے جانا جاتا ہے۔

مذکورہ ادا رہ سے حال ہی میں شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن سے بی ایس کی دو اور شعبہ اسلامک سٹڈیز میں بی ایس اسلامک بینکنگ کی تین طالبات نے یہ تربیت حاصل کی۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ یہ بینکنگ کورس بینکنگ کے پیشہ سے منسلک افراد کیلئے ا نتہائی اہم اورمہنگا کورس ہے جوگورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی طالبات کو با لکل مفت کروایا جا رہا ہے۔یونیورسٹی کی ترجمان نے بتایا کہ تربیتی کورس میں شرکت کیلئے کل 25 طالبات کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جن میں سے ابتدائی طور پر پانچ طالبات نے تربیت حاصل کرلی ہے جبکہ باقی20طالبات کو اگلے مراحل میں تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وومن یونیورسٹی کی ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرزڈاکٹر اسما عزیز وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر روبینہ فاروق (تمغہ امتیاز) کی زیر سرپرستی اسلامک بینکنگ کے پروگرام سے متعلق تمام امور کیلئے نیشنل بینک آف پاکستان کی معاونت کر رہی ہیں۔