سپریم کورٹ کا وزارت بین الصوبائی رابطہ کو گن اینڈ کنٹری کلب سے متعلق قانون سازی کے اقدامات اٹھانے اور آڈٹ فرم کا نام دینے کا حکم

جمعرات 9 مارچ 2023 16:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2023ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد گن اینڈ کنٹری کلب کیس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کو کلب سے متعلق قانون سازی کے اقدامات اٹھانے اور کلب کے آڈٹ کیلئے آڈٹ فرم کا نام دینے کا حکم دیدیا جبکہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے نے کہا ہے کہ گن اینڈ کنٹری کلب نے 40 سے 50 کروڑ اکٹھے کر رکھے ہیں ،کلب کی زمین سی ڈی اے کی ملکیت ہے،سی ڈی اے کو کچھ تو ادائیگی کریں پھر لیز منظوری کی بات کریں۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے گن اینڈ کنٹری کلب کیس کی سماعت کی۔عدالت عظمیٰ نے ممبر کلب نعیم بخاری سے اظہار ناراضگی کیا ۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے سرکار کے سیکرٹری سے متعلق سخت الفاظ استعمال کیے ہیں،آپ سے ایسے الفاظ کی توقع نہیں، کسی کی کردار کشی کی اجازت نہیں دے سکتے،متفرق درخواست میں ایسے الفاظ کو حذف کیا جائے۔

(جاری ہے)

وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ میں نے مینجمنٹ کمیٹی سے کئی بار استعفیٰ دیا، کلب کے آڈٹ کیلئے نجی کمپنی 65 لاکھ روپے مانگ رہی ہے جبکہ سی ڈی اے پراپرٹی ٹیکس کے چار کروڑ مانگ رہا ہے، سی ڈی اے کو رقم دینے کو تیار ہیں لیکن کلب اراضی کی لیز منظور کی جائے۔کلب سے متعلق قانون سازی کا بل منظور نہیں کیا جارہا ہے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ کلب سے متعلق قانون سازی کا عمل چل رہا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے مقدمہ کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔