سپریم کورٹ،وزارت بین الصوبائی رابطہ کو گن اینڈ کنڑی کلب سے متعلق قانون سازی کے اقدامات کا حکم

جمعرات 9 مارچ 2023 19:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2023ء) سپریم کورٹ نے گن اینڈ کنٹری کلب کیس کی سماعت کے موقع پر وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کو کلب سے متعلق قانون سازی کے اقدامات کرنے کا حکم دینے سمیت وزارت آئی پی سی کو کلب کے آڈٹ کیلئے آڈٹ فرم کا نام بھی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ جمعرات کو یہاں عدالت عظمیٰ میں کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔

سماعت کے دوران ایڈووکیٹ نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ نجی کمپنی کلب کے آڈٹ کیلئے 65 لاکھ روپے مانگ رہی ہے،سی ڈی اے پراپرٹی ٹیکس کے طور پر 4 کروڑ مانگ رہا ہے۔ نعیم بخاری نے موقف اختیار کیا کہ سی ڈی اے کو رقم دینے کو تیار ہیں لیکن کلب اراضی کی لیز منظور کی جائے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس جسٹس عمر عطاء بندیال نے اس موقع پر اپنے ریمارکس میں کہا کہ کلب نے 40 تا 50 کروڑ اکٹھے کر رکھے ہیں، کلب کی زمین سی ڈی اے کی ملکیت ہے، کلب سی ڈی اے کو کچھ تو ادائیگی کرے، انہوں نے مزید کہا کہ کلب ادائیگی کر کے ہی لیز کی منظوری کی بات کرے۔

اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کلب سے متعلق قانون سازی کا عمل چل رہا ہے۔ عدالت عظمی نے اس موقع پر وزارت بین الصوبائی رابطہ کو کلب سے متعلق قانون سازی کے اقدامات اٹھانے کا حکم دینے سمیت وزارت آئی پی سی کو کلب کے آڈٹ کیلئے آڈٹ فرم کا نام دینے کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ کی سماعت عید کے بعد تک کیلئے ملتوی کر دی۔