چیئرمین بول ٹی وی شعیب شیخ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا

اسلام آباد سیشن عدالت نے ایف آئی اے کی دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر شعیب شیخ کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 10 مارچ 2023 14:10

چیئرمین بول ٹی وی شعیب شیخ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 10 مارچ 2023ء) نجی ٹی وی چینل کے مالک شعیب شیخ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے شعیب شیخ کو 3 روز کے ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔ اسلام آباد سیشن عدالت نے ایف آئی اے کی دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر شعیب شیخ کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔

ایف آئی اے نے گذشتہ روز نجی ٹی وی کے مالک شعیب شیخ کو گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے ٹیم نے شعیب شیخ اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیا ،شعیب شیخ پر مبینہ طور پر جج کو رشوت دینے کا الزام ہے۔ ایف آئی اے نے شعیب شیخ کو کئی بار بزریعہ نوٹس پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کے متعدد نوٹس کے باوجود شعیب شیخ ایف آئی اے ہیڈ کواٹر پیش نہیں ہوئے۔

شعیب شیخ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پرویز القادرمیمن کو رشوت دینے کا الزام تھا،شعیب شیخ کی طرف ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو 50لاکھ روپے رشوت دینے کے شواہد سامنے آئے تھے۔ شعیب شیخ پر مقدمہ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی درخواست پر درج کیا گیا، شعیب شیخ کے خلاف مقدمے کا ندراج اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے رانا شاہد حبیب نے کیا۔

سابق جج نے تسلیم کیا کہ شعیب شیخ کی رہائی کے لئے رشوت لی جس پر انہیں عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔ شعیب شیخ ایگزٹ جعلی ڈگری کیس میں بھی سزایافتہ ہیں۔ دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق 17 فروری2023ء کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں زیر سماعت شعیب شیخ وغیرہ کی ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں ٹرائل کورٹ سے سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت 10مارچ تک ملتوی کردی، سماعت کے دوران شعیب شیخ اپنے وکیل لطیف کھوسہ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ تین اپیلیں دائر ہوئی تھیں مگر اس وقت دو اپیلیں عدالت کے سامنے ہیں نیو یارک ٹائمز میں ڈیکلن والش کا آرٹیکل شائع ہوا جس میں ایگزیکٹ کمپنی پر الزامات لگائے گئے ڈیکلن والش پاکستان میں ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا اس لیے اسے ملک سے نکالا گیا بول کے نام سے 2014 میں ٹی وی چینل شروع کرنے کے لیے میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا، کامران خان سمیت نامور صحافیوں نے بول کو جوائن کیا۔

ایگزیکٹ پر پہلا کیس کراچی میں درج کیا گیا۔ اسی الزام کے تحت اسلام آباد میں بھی مقدمہ بنایا گیاایک الزام کے تحت دو مقدمات درج نہیں ہو سکتے۔