مسائل کا پائیدار حل ‘ جمہوری نظام کا استحکام ناگزیر ہے ،سکندر شیرپائو

ملک کو بطور صحیح وفاق چلا کر صوبوں کی محرومیوں وعوام کی بے چینی کے ازالہ سمیت درپیش مشکلات کو دور کیا جاسکتاہے، رہنماء قومی وطن پارٹی

پیر 13 مارچ 2023 23:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2023ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤنے ملکی اور باالخصوص صوبوں کے مسائل کے پائیدار حل کیلئے جمہوری نظام کے استحکام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو بطور صحیح وفاق چلا کر صوبوں کی محرومیوں اور عوام کی بے چینی کے ازالہ سمیت ان کو درپیش مشکلات کو دور کیا جاسکتاہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے زیدہ ضلع صوابی میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپی ٹی آئی کے کارکنوں اور عہدیداروں مہتاب گل حافظ صاحب،سید باچا،شیرین زادہ،حبیب گل،اورنگزیب خان،سجاد،ظہور،نصیب گل،فضل سبحان،کمال خان،گل رحمان کاکا،تاج نبی،انزر گل کاکا،آیاز خان،شیر علی ماما اور شریف گل نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپاؤ نے صوبوں کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے ملک کو بطورایک صحیح فیڈریشن چلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا توملکی اکائیوں کی محرومیاں مزید بڑھے گی۔انھوں نے کہا کہ موجودہ سنگین حالات پر قابو پانا تب ہی ممکن ہے جب ملک میں ایک عوامی جمہوری فلاحی ریاست کاقیام ہوں جس میں صحیح معنوں میں جمہوریت کا قیام،پارلیمان کی بالادستی اور ہر ادارہ اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے قومی مسائل کے حل اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے اپناعملی کردار اداکرسکے۔

انھوں نے کہا کہ مرکز کو چاہیے کہ صوبائی خود مختاری کا مکمل احترام کرتے ہوئے تمام اکائیوں کو اپنے وسائل پر اختیار دے۔انھوں نے کہا کہ این ایف سی میں خیبر پختونخواکا حصہ اور بجلی خالص منافع کی مدمیں موجود واجبات اوروسائل صوبے کے حوالے کئے جائیں اوریہاں پر جاری بحرانوں پر قابو پانے کیلئے فیصلہ سازی میں پختونوں کی شمولیت کو فوقیت دی جائے۔

ملک میں جاری ہوشربا مہنگائی کے حوالے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حالیہ مہنگائی نے متوسط طبقے سمیت غریب عوام کی کمر توڑ دی،عام آدمی کی قوت خرید متاثر اور صوبہ میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں لہٰذاوفاقی حکومت اس مد میں خصوصی ریلیف پیکج دیکر غریب عوام کی پریشانیوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔سکندر شیرپاؤ نے صوبہ میں زراعت کی ترقی پر بھی توجہ دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سابقہ حکومت کی عدم توجہی کی بدولت عوام کوفوڈسیکورٹی اور غذائی اجناس میں کمی اور قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا سامنا ہے۔

اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں جمیل ایڈوکیٹ،ڈاکٹر فاروق افضل،افتخار خان زیدہ،ضلعی چیئرمین مسعود جبار،جاوید زمان خان اورفضل عدنان خان نے بھی خطاب کیا۔